حکومتی جماعتوں کا پارلیمنٹ میں ایک اور قرارداد لانے کا فیصلہ
فوٹو : مسلم لیگ ن ٹوئٹر
اسلام آباد: حکومتی جماعتوں کا پارلیمنٹ میں ایک اور قرارداد لانے کا فیصلہ، یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت حکمران جماعتوں کے قائدین کے علاوہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری بھی ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔
مشاورتی اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری، قائد مسلم لیگ نواز شریف، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، مریم نواز، خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔
اجلاس میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے بعد مختلف قانونی اور سیاسی آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کو اقلیتی فیصلہ قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نے کل قومی اسمبلی میں ایک اور قرارداد لانے کا عندیہ دیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں قائد مسلم لیگ نواز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے انتخابات سے متعلق فیصلہ دینے والے تین رکنی بینچ کے خلاف جوڈیشل ریفرنس لانے پر اصرار کیا۔
ذرائع کے مطابق شرکاء نے کہا کہ فل کورٹ تشکیل نہ دے کر انصاف کا قتل کیا گیا، اجلاس میں سول بالادستی اور پارلیمان کے استحکام کے لئے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی بالادستی کے لئے ٹکراؤ کی راہ اپنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اب معذرت خواہانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق شرکاء کی تجویز پر وزیراعظم نے تین رکنی بینچ سے متعلق ریفرنس یا قرارداد لانے کا معاملہ قانونی ٹیم کے سپرد کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کل کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ چاہتے ہیں ملک میں صاف و شفاف الیکشن ہو اور سب کو لیول پلینگ فیلڈ میسر ہو۔ پارلیمان میں آمریت تسلیم نہیں تو عدلیہ میں بھی آمرانہ رویئے قبول نہیں کرسکتے۔
Comments are closed.