افغانستان نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرادیا ، ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جیت لی

51 / 100

فوٹو : ای ایس پی این

شارجہ: افغانستان نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرادیا ، ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جیت لی، یہ افغانستان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کیخلاف پہلی جیت ہے.

پاکستان کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پہلی وکٹ 30 کے مجموعی اسکور پر گری اور عثمان غنی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد میں رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا تاہم 44 رنز بنا کر رحمان اللہ رن آؤٹ ہوگئے۔ ابراہیم زادران بھی 38 رنز بنا کر احسان اللہ کا شکار بنے۔

نجیب اللہ زادران 23 اور محمد نبی کی 14 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، افغان ٹیم نے 20 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں اسے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔

پاکستان کی طرف سے زمان اور احسان اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، سیریز کا آخری میچ 27 مارچ کو شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔

اس سے قبل پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکا.

ٹیم میں شامل کئے گئے صائم ایوب اور طیب طاہر دوسرے میچ میں بھی نہ چلے، عبداللہ شفیق بھی صفر پر چلتے بنے، شاداب اور عماد وسیم کی سست رفتار شراکت نے مسائل میں اضافہ کیا.

شارجہ میں ہونیوالی پاک افغان ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، صائم صفر، حارث 15، طیب طاہر 23 بالز پر 13 اور اعظم خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم میں آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو شامل کیا گیا، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاداب خان، صائم ایوب، محمد حارث، عبداللہ شفیق، طیب طاہر، اعظم خان، عماد وسیم، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، زمان خان اور احسان اللہ شامل ہیں۔

Comments are closed.