توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج
فائل:فوٹو
اسلام آباد: توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کر دی۔
عمران خان کے جانب سے وکیل قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری نے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں درخواست دائر کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم برقرار رکھا ہے۔
وکیل قیصر امام نے موقف دیا تھا کہ پرائیویٹ کمپلیننٹ میں وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا ہے لہٰذا دالت عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرے۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ریمارکس دیے کہ 28 فروری کو صبح ہی عمران خان کے وکلا نے کہہ دیا تھا کہ وہ نہیں آئیں گے۔
وارنٹ منسوخی کی درخواست کے متن کے مطابق عمران خان نے جان کو خطرے اور طبی بنیادوں پر متعدد بار استثناء کی درخواستیں دائر کیں، 28 فروری کو سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن 28 فروری کو عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس کی عدالتوں میں بھی جانا تھا۔
درخواست گزار کے مطابق عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، 29 فروری کو عمران خان کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی اولین ترجیحات میں شامل تھی اور اعلیٰ عدالتوں کو پہلے ترجیحات دی جاتی ہیں۔
استدعا کی گئی کہ عمران خان کو صحت کے مسائل ہیں اور ڈاکٹر سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، سیشن عدالت میں عدم پیشی حالات کے باعث ہوئی، جان بوجھ کر نہیں کی گئی اس لیے ناقابلِ ضمانت وارنٹ منسوخ کر کے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ عدم حاضری پر جاری کیے تھے جبکہ اسلام آباد پولیس گزشہ روز لاہور میں ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کروانے بھی پہنچی تھی۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف کیس کل سماعت کے لیے مقرر ہے۔
Comments are closed.