پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکہ، شہدا کی تعداد 100 ہو گئی ، 221 زخمی
پشاور: پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکہ، شہدا کی تعداد 100 ہو گئی ، 221 زخمی ہیں اموات میں اضافے کا خدشہ ہے، دھماکے میں امام مسجد پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے مزید لاشیں ملبے سے نکالی ہیں جس کے بعد شہید ہونے والوں کی تعداد 100 ہوگئی۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال نے 100 افراد کی شہادت کی تصدیق کردی۔ اسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایل آر ایچ میں اس وقت 53 زخمی زیر علاج ہیں، زخمیوں میں زیادہ تر افراد کی حالت خطرے سے باہرجب کہ 7 افراد آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
اس سے قبل نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نے پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکے میں 95 افراد کے جاں بحق اور 221 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ گر گیا جس کے ملبے تلے نمازی دب گئے۔ 221 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں شہید ہونے والے تمام افراد کی شناخت کرلی گئی۔
ایس پی آمنہ بیگ کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں سے کم ازکم 44 پولیس اہلکار ہیں۔جن کی اجتماعی نماز جنازہ رات کو ادا کی گئی۔ اس موقع پر لی گئی قومی پرچم سے ڈھکے تابوتوں کی ایک تصویر نے لوگوں کو لرزا دیا۔
پولیس کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی اس دوران پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
دھماکے سے پولیس لائن کی مسجد کی 2 منزلہ عمارت گر گئی جس کے ملبے تلے متعدد افراد ابھی بھی دبے ہوئے ہیں، دھماکے میں امامِ مسجد صاحبزادہ نورالامین بھی شہید ہو گئے۔
خود کش دھماکے میں بڑی تعداد میں لوگ شدید زخمی ہیں اموات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے. حملےکی ذمے داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کر لی ہے.
ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے زخمیوں کو مسجد سے نکال کرلیڈی ریڈنگ اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق خود کش دھماکے کے 30 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ نے شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایس پی نور زمان زخمی ہوئے ہیں جنہیں سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے.
Comments are closed.