بدقسمتی سے ہماری عدلیہ نے ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت نہیں کی، عمران خان

48 / 100

لاہور: چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہماری عدلیہ نے ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت نہیں کی۔

عمران خان نے ٹی وی پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی وزیر اعظم کو حکومت سے نکلنے کے بعد وہ عزت نہیں ملی جو مجھے ملی، عوام ایک خطرناک موڑ کر کھڑے ہیں، اللہ نے ہمیں جہاد کا حکم دیا ہے.

انھوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف کھڑا ہونا جہاد ہوتا ہے، پاکستان میں سارے ہی لوگ عاشق رسول ﷺ ہیں لیکن اللہ ہماری دعا کیوں نہیں سن رہا کیونکہ یہاں طاقتور طبقے کا راج ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اپریل میں ہماری حکومت گئی تو آٹا 65 روپے کلو تھا، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود یہاں پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہے، غربت بڑھتی جارہی ہے، تنخواہ دار طبقے سے پوچھیں ان کے کیا حالات ہیں، وہ کیسے گزارا کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کے طاقتور ڈاکوؤں نے اپنے خلاف 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کرادیئے اور ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا۔ پہلی بار لوگوں کو خوف آنا شروع ہو گیا ہے۔

عوام کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری جدو جہد عوام کے لیے ہے، اس کے لئے سب کو کھڑا کرنا ہوگا، اگر اس وقت ہم کھڑے نہ ہوئے تو آگے اندھیرا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو پنجاب کا چیف منسٹر بنایا، کیا انہیں نہیں پتہ کے آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت ان کی سب سے بڑی ذمہ داری شفاف انتخابات کرانا ہے۔

ہم نے اپنی طرف سے نیوٹرل امپائرز رکھنے کی کوشش کی تو پھر محسن نقوی کو کیوں وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ نیب کے چیئرمین آفتاب سلطان نے محسن نقوی کے خلاف تفتیش کی تھی، اس تحقیقات پر اس نے نیب کو 35 لاکھ روپے واپس کئے تھے۔

فواد چوہدری کو کیوں گرفتار کیا؟ عدلیہ ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے، بدقسمتی سے ہماری عدلیہ نے ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت نہیں کی، عمران خان کا کہنا تھا اگر کی ہوتی تو آج پنجاب مین وہ پولیس اہلکار دوبارہ مسلط نہ ہوتے جنہوں نے 25 جولائی کو ہم پر ظلم کیا تھا۔

اس سے قبل ٹوئٹر پر بیان سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا  ہے امپورٹڈحکومت مجھے کبھی گرفتاری نہیں کرسکتی، عمران خان نے فواد چوہدری کی گرفتاری پر ان کی اہلیہ ہبہ چوہدری کو ٹیلی فون کیا۔

فواد چوہدری کی گرفتاری پر ٹوئٹر پر بیان میں عمران خان نے کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا کہ ملک بنانا ری پبلک بننے جارہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں اب اپنے بنیادی حقوق کے لیے کھڑا ہونا چاہیے تاکہ پاکستان کو ایسے مقام تک جانے سے روکا جاسکے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔

لاہور میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ 22 کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، فواد چوہدری تحریک انصاف کے ہر اول دستے کے کارکن ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتاری نہیں کرسکتی ان کے اپنے کیسز عدالتوں میں ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ فواد چوہدری کی بغیر وارنٹ گرفتاری اس ملک کی جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ خدارا پاکستان کے ساتھ کھلواڑ بند کیا جائے ورنہ حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔

Comments are closed.