وزیراعظم کی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب بننے پر محسن نقوی کو مبارکباد
فائل:فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب بننے پر محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ محسن رضا نقوی نے گزشتہ رات نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا یاتھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ کیا جس کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے تمام تقاضے پورے ہوں گے، محسن نقوی آئین کے تقاضوں کے مطابق اس ذمہ داری میں سرخرو ہوں گے۔
شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے نیک تمناوٴں کا اظہار کیا اور کہا کہ میری دعا ہے کہ محسن نقوی اس آئینی و عوامی فرض میں بطریق احسن کامیاب ہوں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر آپ کی تقرری کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
دوسری جانب محسن رضا نقوی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوٴس میں منعقد ہوئی جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے حلف لیا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے تجویز کردہ مجموعی طور پر چاروں ناموں پر غور کرنے کے بعد محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آرٹیکل 224 اے 3 کے تحت نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کا اہم اجلاس کمیشن میں ہوا اور کمیشن نے مکمل غورو خوض کے بعد سید محسن رضا نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تعینات کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اور اسی سلسلے میں گورنر پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا کہ وہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے حلف لیں۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس میں چاروں ممبران، سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکریٹری اور ڈی جی لا شریک ہوئے تھے جبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں نامزدگیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔
حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نوید چیمہ اور احمد نواز سکھیرا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے محسن رضانقوی اور احد چیمہ کا نام تجویز کیا گیا تھا۔
Comments are closed.