امارات نے پاکستان کا 2 بلین ڈالر قرض رول اوور کرنے ، مزید 1 بلین ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق

51 / 100

فوٹو:سوشل میڈیا

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے پاکستان کا 2 بلین ڈالر قرض رول اوور کرنے ، مزید 1 بلین ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔جبکہ ونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر آج ابو ظہبی پہنچے جہاں وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر سطح پر دوطرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید کو پاکستان کے سرکاری دورہ کی دعوت بھی دی جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی۔ دورہ کی تاریخوں کا فیصلہ سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا۔

دونوں رہنماوٴں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماوٴں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے تعلقات کو مزیدمستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

اس سے قبل ابوظہبی کے ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادی امور جناب عبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

Comments are closed.