بینظیر بھٹو کے قتل کو15 برس بیت گئے،قتل کا معمہ تاحال حل نہ ہوسکا

46 / 100

فائل:فوٹو

راولپنڈی /کراچی :پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے والی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی15 ویں برسی آج منائِی جارہی ہے۔

سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور سیاست کے میدان میں قدم مارشل لاء کے خلاف جدوجہد کے ساتھ رکھا، ذوالفقار علی بھٹو کی پنکی کی تربیت کا آغاز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس اور شملہ معاہدے کے یادگار موقع پر شرکت سے ہوا۔

30سالہ سیاسی کیرئیر میں بے نظیر بھٹو صرف ساڑھے چار سال حکومت میں رہیں، سیاسی ا?زمائشوں کا اپنے تدبر اور بہادری سے ڈٹ کر مقابلہ کیا، بے نظیر بھٹو نے لیاری، لاڑکانہ، لاہور کے سیاسی میدانوں کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی کے طاقتور حلقوں کا مقابلہ کیا۔

بینظیر بھٹو کے قتل کو15 برس بیت گئے مگر اس قتل کا معمہ تاحال حل نہیں ہوسکاملکی تاریخ کا یہ اہم کیس آج بھی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں زیر التواء ہے۔

سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو لیاقت باغ میں تاریخی جلسہ کے بعد واپس جاتے ہوئے لیاقت باغ کے مرکزی گیٹ پر27 کارکنوں سمیت 27 دسمبر2007 کو خود کش حملے میں شہید ہوئیں۔

بینظیر بھٹو قتل کیس سے متعلق پولیس،ایف آئی اے،اسکاٹ لینڈ یارڈ،اقوام متحدہ سے4 انکوائریاں ہوئیں،7چالان پیش کئے گئے،12ججز تبدیل ہوئے291پیشیاں ہوئیں57گواہ پیش ہوئے،جن 5 گرفتار شدگان کو پولیس نے اصل ملزم قرار دیا انسداد دہشت گردی عدالت نے یہ پانچوں بے گناہ قرار دے کر بری کر دیئے۔

عدالت نے 2پولیس افسران اس وقت کے سی پی او سعو د عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو صرف ناقص سیکورٹی پر دس دس سال قید کی سزا دی،اس وقت یہ دونوں پولیس افسران ضمانت پر رہا ہیں۔

ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں 2023 جنوری کے آخر میں اس کیس کی سماعت متوقع ہے،دیکھنا یہ ہے ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرے گی۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی،جلسہ عام سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،شریک چیئرمین سابق صدرآصف علی زرداری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔

وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی کراچی سے 150 سے زائد بسوں پرمشتمل قافلے کے ساتھ لاڑکانہ گڑھی خدا بخش روانہ ہوئے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں 27 دسمبر کو دوپہر 2 بجے ایک جلسہ عام منعقد کیاجائے گا،پیپلزپارٹی کراچی ڈویڑن کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مزار پرچادر چڑھائی جائے گی۔

ادھر برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش بھٹومیں پیپلزپارٹی نے جلسے کا پنڈال تیارکرلیا ہے جبکہ گڑھی خدابخش بھٹو، نوڈیرو اور لاڑکانہ میں استقبالیہ کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں۔

جلسہ عام کے اطراف میں واک تھروگیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے ہیں، سیکیورٹی کے لئے 8 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔

شہید بے نظیربھٹو کی برسی کے موقع پرکراچی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تعزیتی اجتماعات اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

Comments are closed.