ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربالائی علاقوں میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:راولپنڈی ،اسلام آباد ،لاہور ،بالائی خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اورٹھنڈی ہوا سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ سوات ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔

راولپنڈی ، اسلام آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد ، شورکوٹ ،سرائے عالمگیر، گجرات سمیت کئی شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے

سیاحتی مقامات مری ،نتھیاگلی ،گلیات،آزادکشمیراورگلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفہ وققہ سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔

بالاکوٹ وگردونواح میں بارش جبکہ بابو سر ٹاپ، ناران ، جھیل سیف الملوک اور ملحقہ مقامات پر ایک فٹ سے زائد برفباری ہوچکی ہے برفباری کے سبب وادی کاغان میں سردی میں اضافہ، ناران میں درجہ حرارت منفی1 بابوسرٹاپ میں منفی 7 تک پہنچ گیاہے ۔

آزادکشمیر کے مختلف علاقوں ڈڈیال،وادی لیپہ میں بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے وادی لیپہ کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے بارش اور برفباری کے باعث نظام زندگی بری طرح مفلوج شہری گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے۔ وادی لیپہ کے پہاڑوں پر تا ایک فٹ سے زائدجبکہ بالائی علاقوں میں میں تین سے چار انچ تک برف پڑچکی ہے برفباری کے باعث ٹریفک بھی جزوی طور پر متاثر ہے جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

ترجمان محکمہ شاہرات کاکہناہے کہ برفباری کے باعث سٹرکوں پر پھسلن بہت زیادہ ہے تا ہم روڈ ٹریفک کیلئے بحال ہے،ڈرائیور گاڑی احتیاط سے چلائیں گاڑی کے ساتھ چین لازمی ہونی چاہیے ، انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کو برف باری کے دوران غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کی ہدایت کی ہے ۔

ادھر : بلتستان ڈویژن میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔بائیس سال بعد نومبر میں برف باری سے 60 فی صد بالائی علاقوں کا سکردو سے زمینی رابطے منقطع ہے ۔برفباری کے باعث تحصیل گلتری کا زمینی راستہ چھ ماہ کے لیے بند ہوگیا۔برفباری کے باعث درجہ حرارت نقط انجماد سے نیچے گر گیا ہے ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج خیبر پختونخوا ، اسلام آباد، شمال مشرقی و جنوبی پنجاب ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔تاہم ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

Comments are closed.