راولپنڈی میں پی ٹی آئی کادھرنا جاری ، شہریوں کو نقل وحرکت میں شدید پریشانی کا سامنا

45 / 100

فائل:فوٹو

راولپنڈی: اسلام آباد سے ملحقہ جڑواں شہر میں تحریک انصاف کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا احتجاج کی وجہ سے راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔

راولپنڈی مری روڈ سمیت 5 اہم شاہراہوں پر مظاہرین نے احتجاجی کیمپ قائم کررکھے ہیں۔ اہم اور سب سے زیادہ استعمال ہونے والی شاہراہ شمس آباد سے مکمل بند ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

راولپنڈی میں تعلیمی ادارے آج تیسرے روز بھی بند ہیں۔ مری روڈ سے اسلام آباد جانے والے شہریوں کو زحمت کا سامنا ہے جب کہ دفاتر اور دیگر منزلوں پر جانب والے افراد بڑی تعداد میں رش میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ادھر ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے آج جمعرات کو کھلے رہیں گے جب کہ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں تمام سڑکیں کھلی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

دریں اثنا ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری روڈ بوجہ احتجاج شمس آباد اسٹاپ کے قریب ڈائیورڑن ہے۔متبادل کے طور پر، سید پور روڈ، کمرشل مارکیٹ کْری روڈ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اولڈ ائرپورٹ روڈ دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مین پشاور روڈ اور مال روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، تاہم آئی جے پی روڈ اسلام آباد کی جانب ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔متبادل کے طور پر مین پشاور روڈ، ویسٹریج، چوہڑ چوک، ماربل فیکٹری روڈ، گولڑہ موڑ، سری نگر ہائی وے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب جہلم روڈسوان پل کے قریب ایس او ایس کے پاس کچہری کی جانب سڑک بند ہے۔سواں پل سے کچہری کی جانب دو طرفہ ٹریفک چلائی جا رہی ہے۔ جی ٹی روڈ ٹیکسلا نزد بائی پاس چوک اور مارگلہ ہلز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ متبادل کے طور پرموٹر وے ایم ون کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Comments are closed.