عمران خان کے ضمنی انتخابات لڑنے پر چیف الیکشن کمشنر نے نیا اعتراض اٹھا دیا

50 / 100

 فوٹو: فائل

اسلام آباد: عمران خان کے ضمنی انتخابات لڑنے پر چیف الیکشن کمشنر نے نیا اعتراض اٹھا دیا،کہا رکن اسمبلی الیکشن کیسے لڑ سکتا ہے ؟ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےیہ اعتراض ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس میں اٹھایا۔

تین رکنی کمیشن نے عمران خان کے چارسدہ جلسہ میں شرکت کے حوالے سے ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت کی جس کی سربراہی چیف الیکشن کمشنر کررہے تھے۔

اس دوران ہی انھوں نے یہ اعتراض بھی اٹھایا کہ کوئی ایم این اے دوبارہ قومی اسمبلی کا انتخاب کیسے لڑ سکتا ہے؟

 اس دوران عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کو چارسدہ میں جلسہ میں شرکت نہ کرنے کی کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی اور انہوں نے کوئی سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے ایک شخص رکن قومی اسمبلی ہے اور پھر رکن قومی اسمبلی کا انتخاب کیسے لڑ سکتاہے۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا آپ کا موکل کہتا ہے ڈیڑھ سو استعفے آئے ہیں ؟کہاں ہیں استعفے ؟ ڈیڑھ سو استعفے لے آئیں ابھی قبول کرتے ہیں۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ باقی استعفے سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس پڑے ہیں، الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجے گئے، بعد میں انتخابی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے جو اعتراض اٹھایا گیاہے یہ سوال الیکشن کمیشن کی طرف سے کاغذات نامزدگی منظوری کے وقت نہیں اٹھایاگیااب جب کہ ضمنی انتخابات مکمل ہو چکے تو یہ سوال اٹھایا گیا ہے۔

Comments are closed.