کراچی کے لیے بجلی کی قیمت میں 4.89 روپے فی یونٹ کمی،ملک بھر کے لیے 19 پیسے اضافے کی منظوری

46 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: نیپرا نے کراچی کے لیے بجلی کی قیمت میں 4.89 روپے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا اورساتھ ہی ملک بھر کے لیے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی 4روپے 89 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے 29 ستمبر 2022 ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔

نیپرا کے مطابق اس سے قبل جولائی کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا جبکہ اگست کا ایف سی اے جولائی کی نسبت صارفین سے77 پیسے کم چارج کیا جائے گا اور اس کا اطلاق صرف 1 ماہ کے لیے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائف لائن صارفین،300 یونٹس تک گھریلوصارفین ،زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چار جنگ ا سٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

دوسری جانب نیپرا نے بجلی 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ اتھارٹی نے ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

اتھارٹی نے 29 ستمبر 2022 ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی۔ واضح رہے کہ سی پی پی اے-جی نے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔

نیپرا کے مطابق اس سے قبل جولائی کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف 1 ماہ کے لیے تھا۔ اگست کا ایف سی اے جولائی کی نسبت 4 روپے 15 پیسے فی یونٹ اکتوبر میں کم چارج کیا جائے گا اور اس کا اطلاق صرف اکتوبر کے بلوں پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔ نیپرا نے وضاحت کی کہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

Comments are closed.