اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

50 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ،احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو 10 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا،عدالت نے اسحاق ڈار کی حاضری سے معافی اور جائیداد قرقی کے خلاف درخواستوں پر نیب کو نوٹس بھی جاری کردیا

اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

اسحاق ڈار اپنے وکیل قاضی مصباح کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے،وکیل اسحاق ڈار نے وارنٹس منسوخی کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کا آرڈر بھی ختم کیا جائے،اسحاق ڈار اب عدالت کے سامنے موجود ہیں۔

جج محمد بشیر نے استفسار کیا،کیا نیب نے خود بھی اسحاق ڈار کے کوئی وارنٹس جاری کیے تھے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ہم نے وارنٹس جاری کئے تھے لیکن وہ معطل ہو گئے تھے، وکیل اسحاق ڈار نے کہا کہ عدالت نے صرف اسحاق ڈار کی حاضری کیلئے وارنٹس جاری کیے تھے۔

عدالت نے نیب افسران سے سوال کیا اب آپ کا کیا موقف ہے وارنٹس منسوخ کئے جائیں یا نہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے بھی وارنٹس منسوخی کی حمایت کر دی جس پراحتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے دس لاکھ روپے مچلکے کے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

اسحاق ڈار کی جانب سے جائیداد ضبطگی اور حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی،جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.