استعفوں سے متعلق اسپیکر ہمیں بلا کر سنے،پی ٹی آئی اراکین کا استعفوں کے معاملے پراسلام آباد ہائی کورت سے رجوع

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے استعفوں کے معاملے پر ریلیف لینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔کہتے ہیں استعفوں سے متعلق اسپیکر ہمیں بلا کر سنے۔

تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے عدالت میں دی گئی درخواست میں موٴقف اختیار کیا ہے کہ استعفوں سے متعلق اسپیکر ہمیں بلا کر سنے۔ ارکان نے پی ٹی آئی کے کراچی سے رکن اسمبلی شکور شاد کے کیس کی طرح ریلیف لینے کے لیے استدعا کی ہے کہ عدالت اسپیکر کو ہدایت دے کہ وہ استعفے منظوری سے متعلق اپنی آئینی ذمے داری پوری کریں۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عدالت اسپیکر کو حکم دے کہ وہ درخواست گزاروں اور دیگر 112 ارکان کو بلائے۔ اسپیکر تحقیق کرلے کہ جنہوں نے استعفے دیے، انہوں نے آرٹیکل 64 کے تحت مرضی سے استعفے دیے۔ قانون کے مطابق پٹیشنرز کو سنے بغیر اسپیکر استعفوں سے متعلق اطمینان نہیں کر سکتا۔

ارکان قومی اسمبلی نے درخواست میں کہا کہ ابھی الیکشن کا اعلان نہیں ہوا۔ 123 ارکان کے استعفوں کو ایک ساتھ دیکھا بھی نہیں گیا۔ اس لیے پٹیشنرز کا استعفوں سے متعلق لیٹر موٴثر نہیں رہا۔ ممبر اسمبلی شکور شاد کا استعفا منظور ہوا تو انہوں نے درخواست دی کہ اسپیکر نے سنے بغیر استعفا منظور کر لیا ، جس پر ہائیکورٹ نے ان کا استعفا منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

درخواست کے مطابق پٹیشنرز اسپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوئے، اس لیے ان کے استعفے منظور نہیں ہوئے۔ ہائی کورٹ میں استعفوں سے متعلق درخواست دینے والوں میں علی محمد خان ، فضل محمد خان ، شوکت علی، ڈاکٹر شیریں مزاری، ڈاکٹر شاندانہ گلزار، فخر زمان خان ، فرخ حبیب، اعجاز شاہ ، جمیل احمد اور محمد اکرم شامل ہیں۔

پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے آج ہی سماعت کی استدعا کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری، پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان ، فرخ حبیب، جمیل احمد اور شاندانہ گلزار ہائیکورٹ پہنچے، تاہم عدالت نے استعفوں کی منظوری سے متعلق درخواست کل کے لیے مقرر کردی، جس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کریں گے۔

Comments are closed.