بغاوت پر اکسانے کے مقدمہ میں شہباز گل کی ضمانت منظور ی کا تحریری فیصلہ جاری

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلح افواج میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمہ میں شہباز گل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ اندراج کے لئے شکایت آرمڈ فورسز یا ان کی جانب سے کسی نے درج نہیں کرائی گئی۔ آرمڈ فورسز کا ڈسپلن اتنا کمزور نہیں کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیان سے متاثر ہو۔

کوئی شواہد پیش نہیں کیے جا سکے کہ شہباز گل نے بیان سے پہلے یا بعد میں جرم کی معاونت کے لیے مسلح افواج کے کسی افسر سے رابطہ کیا۔ شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی مزید جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ شہباز گل کو مزید جیل میں رکھنا بے سود بلکہ ٹرائل سے پہلے سزا دینے کے مترادف ہو گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ شہباز گل کی ضمانت منظور کرنے کا چھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج نے 30 اگست کو شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد کی تو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا۔

شہباز گل کے خلاف اے آر وائی نیوز پر بیان دینے پر 9 اگست کو تھانہ کوہسار میں بغاوت سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے اسی روز گرفتار کیا گیا۔ پٹیشنر کے وکیل سلمان صفدر کے مطابق بغاوت پر اکسانے کا جرم نہیں بنتا۔

پٹیشنر کے وکیل نے کہا کہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا جو بدنیتی پر مبنی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ ٹرائل کورٹ بھی مطمئن ہے کہ پاکستان پینل کوڈ دفعہ 131 کے علاوہ کوئی جرم نہیں بنتا۔ پراسیکیوٹر نے دلائل دئیے کہ تقریر بغاوت کے مقدمے کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔

پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز گل نے مسلح افواج کے ممبرز کو افسران کے آرڈرز نہ ماننے کا کہا اور وہ بغاوت پر اکسانے کے سنگین جرم کے مرتکب ہوئے۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا پراسیکیوٹر نہیں بتا سکے کہ شہباز گل نے جرم کی معاونت کے لیے مسلح افواج کے کسی افسر سے رابطہ کیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن ایسی کوئی چیز بھی ریکارڈ پر نہیں لائی کہ آرمڈ فورسز کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی ہو۔ کسی سیاسی جماعت کے ترجمان سے اس قسم کے لاپرواہ بیان کی توقع نہیں کیا جا سکتی۔ آرمڈ فورسز کا ڈسپلن اتنا کمزور نہیں کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیان سے اسے نقصان پہنچے۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی مزید جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ شہباز گل کو مزید جیل میں رکھنا بے سود بلکہ ٹرائل سے پہلے سزا دینے کے مترادف ہو گا۔ ہر سماعت پر عدالت حاضری یقینی بنانے کے لیے ٹرائل کورٹ شہباز گل کو پابند کر سکتی ہے۔ شہباز گل کی پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

Comments are closed.