مہنگائی عروج پر ہے، آئی ایم ایف نے ناک سے لکیریں نکلوائیں، شہبازشریف
اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے مہنگائی عروج پر ہے، آئی ایم ایف نے ناک سے لکیریں نکلوائیں، شہبازشریف نے وکیلوں کے کنونشن میں ملکی مسائل کا تفصیل سے ذکرکیا۔
اسلام آباد میں وکلاء کنونشن سے خطاب میں وزیراعظم نے کہانی سنائی ۔کامیابی کا ذکر تھا یا ناکامی کااعتراف سمجھ نہ آئی ۔شہباز شریف بولے کوئی شک نہیں مہنگائی عروج پر ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ ٓئی ایم ایف نے قرضہ تو دے دیا مگر ہمیں ناک سے لکیریں نکلوائی ہیں ہم جدھر دیکھتے ہیں قرضہ ہی ہمارا پیچھا کرتاہے۔دوست ممالک کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں مانگنے آئے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاسابق حکومت نے آئی ایم ایف سے کئے معاہدے کی پاسداری نہ کی جس کاخمیازہ قوم بھگت رہی ہے،ہم نے مشکل حالات میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے معاشی عدم استحکام پر کسی حد تک قابو کرلیا ہے تاہم مہنگائی اب بھی عروج پر ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے، اسی لئے پٹرول کی قیمتیں بڑھاتے شش و پنچ میں مبتلارہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ہاؤسنگ سکیم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، وکلا کودل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیرہاؤسنگ مولانا واسع، اعظم نذیرتارڑ کا شکر گزارہوں، حکومت وکلا کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، ملک میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالی توسرمنڈتے ہی اولے پڑگئے، پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پہنچا تھا، اتحادی حکومت نے ملک کوڈیفالٹ سے بچالیا، معاشی عدم استحکام کسی حدتک کنٹرول کرلیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی پاسداری نہیں کی، آئی ایم ایف کی شرائط کوتسلیم کیا تھا، کیا پاکستان اس لیے معرض وجود میں آیا تھا؟ قائداعظمؒ،علامہ اقبال ؒ نے پاکستان کے لیے عظیم تحریک چلائی تھی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وکلا انصاف اور قانون کی بات کرتے ہیں، ایک وقت میں نظریہ ضرورت دریافت کیا گیا، عدلیہ بحالی میں وکلا نے عظیم تحریک چلا کر مقام پایا، کسی نے پلیٹ میں رکھ کر وکلا کوآزادی نہیں دی،75 سال گزر گئے لیکن آج بھی اسی دائرے میں گھوم رہے ہیں۔
انھوں نے کہا ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو آج ہمارے مسائل مزید گھمبیر ہوتے، جو ممالک ہم سے پیچھے وہ آج ہم سے آگے نکل گئے، 75 سال بعد آج ہم کشکول لیکر پھررہے ہیں.
ان کا کہنا تھا آج بھارت کی جی ڈی پی، ایکسپورٹ آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے، مجھ سمیت تمام طبقات جن کو تاریخ کا رُخ موڑنے کی طاقت عطا کی ان سے پوری قوم سوال پوچھ رہی ہے، تمام اداروں سے عام آدمی اپنے مستقبل بارے پوچھ رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم پوچھ رہی ہے ہم آج بھی کیوں رینگ رہے ہیں،اس سوال کا جواب بطوروزیراعظم پہلے مجھے اور پھر سب کو دینا ہے، مشکل وقت میں ہمیں سیلاب متاثرین کا سوچنا ہو گا، سیلاب زدہ علاقوں میں گاؤں صفہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔
Comments are closed.