اعلٰی تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چیئرمین ایچ ای سی

55 / 100

اسلام آباد: تعلیم سب کے لیے ” فارمولہ پرعملدرآمد ہوگا، اعلٰی تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کااپنے اعزاز میں ہونےوالی تقریب میں اظہار خیال۔

وفاقی دارالحکومت کی اہم تعلیمی ، سیاسی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے ان کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد کیاگیا تھا اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی تجاویز دیں۔

چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پاکستانی جامعات کا معیار بلند کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ڈاکٹر مختار احمد نےعبد الرافع ایڈووکیٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیار تعلیم بلند کرکے ہی ہم دنیا میں ایک باوقار قوم بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کے سالانہ فنڈز میں اضافہ کر کے جامعات سے مکمل تعاون کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے عزت و وقار میں اضافہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا تعلیم سب کے لئے فارمولے پر عمل کرتے ہوئےحسب سابق مستحق طلباء کے لئے وظائف اور لیپ ٹاپ سکیم جاری کی جائیگی۔ بلوچستان اور قبائلی علاقوں کے طلباء خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔

چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن نے کہاغیر معیاری تعلیم دینے والے اور غیر مستنند اداروں کو برداشت نہیں کرینگے۔

پروگرام کے میزبان عبدالرافع ایڈووکیٹ نے چیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو شرکاء کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طلباء اور اساتذہ کے مفاد میں بہترین اقدامات کئے جایئنگے۔

تقریب سے چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور، اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز ،سربراہ سیرت چئیر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر صاحبزادہ ساجدالرحمان، معروف کالم نگار خورشید ندیم نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ پورے سماج کو اعلی تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے اور معاشرے کو برداشت اور تعاون کا سبق دینا ہوگا۔ پاکستان کی تمام جامعات میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

تقریب میں وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی راولپنڈی ڈاکٹر قمر زمان، ریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر افضل تبسم ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار چیمہ ،سابق آئی جی پولیس ذوالفقار چیمہ ،معروف بزنس مین باسط شکیل ہاشمی، معروف وکیل رہنما سجاد افضل چیمہ ایڈووکیٹ ، معروف صحافی اور اینکر پرسن سبوخ سید ، ڈاکٹر غلام دستگیر،انجینئر خالد نواز،ڈاکٹر اعظم، ڈاکٹر شاہد اقبال سمیت دیگراہم سیاسی ، مذہبی ، سماجی ، کاروباری شخصیات شریک تھیں ۔

Comments are closed.