بلاول بھٹو 22 سے 26 اگست تک چار یورپی ممالک کا دورہ کریں گے

46 / 100

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری 22 سے 26 اگست تک اپنے ہم منصبوں کی دعوت پرجرمنی، ڈنمارک، سویڈن، اورناروے کا دورہ کریں گے۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق اہم شراکت دارممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور وسعت دینے کے علاوہ یہ دورے یورپ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی اور عالمی مسائل پر انہیں پاکستان کے موقف اورنقطہ نظرسے آگاہ کرنے کے نادر موقع فراہم کریں گے۔

اپنے متعلقہ ہم منصبوں سے ملاقاتوں کے علاوہ برلن، کوپن ہیگن، سٹاک ہوم اور اوسلو میں وزیر خارجہ دیگر معززین سے ملاقاتیں اور میڈیا سے بات چیت بھی کریں گے۔

دوروں کا محور ان اہم برآمدی مقامات کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی روابط کو مزید گہرا اور وسیع کرنا اور اپنے لوگوں کے لیے مزید مواقع کی تلاش ہے ۔

وزیر خارجہ ڈنمارک کے ساتھ گرین فریم ورک انگیجمنٹ معاہدے پر بھی دستخط کریں گے ، جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ سے نمٹنے میں تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی جو حکومت کا ایک ترجیحی شعبہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ جرمنی، ڈنمارک سویڈن اور ناروے کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور کثیرالجہتی تعلقات قائم ہیں۔ان ممالک میں قابل ذکرتعدادمیں پاکستانی کمیونٹیز مقیم ہیں.

پاکستانی طلبا کے لیے اعلی تعلیم حاصل کرنے اور پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات کے حوالے سے بھی اہم مقامات ہیں۔ وزیر خارجہ کے دورے سے ان ممالک کے ساتھ پاکستان کے کثیر جہتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔

Comments are closed.