شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، 12 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم

46 / 100

فوٹو:سکرین گریب

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور،عدالت نے شہباز گل کو 12 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو ایف ایٹ کچری میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ اداروں کے خلاف بیان دینا آپ کی پارٹی پالیسی تھی؟ جس پر شہباز گل نے جواب دیا کہ ادارے ہماری جان ہیں۔

عدالت میں پولیس کی جانب سے ڈاکٹر شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ان کے وکیل فیصل چودھری نے پولیس کی درخواست کی مخالفت کی۔
بعد ازاں عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سماعت کے بعد وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ ہائی کورٹ میں اگر ہم گئے تو مقدمہ اخراج کے لیے جائیں گے۔ شہباز گل کے کپڑوں پر خون کے دھبے لگے ہوئے ہیں۔ شہباز گل نے کورٹ میں کہا ہے کہ اگر فزیکل ریمانڈ پر بھیجا گیا تو انہیں خطرہ ہے۔

کچھ دیر بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کی استدعا منظور کرلی اور شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے جمعہ 12 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

عدالت نے تحریری آرڈر میں کہا ریکارڈ کے مطابق شہباز گل کے خلاف الزامات پر جسمانی ریمانڈ ضروری ہے شہباز گل کی ریکارڈڈ آواز سے مشابہت کے لیے فرانزک ٹیسٹ بھی ضروری ہے دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے شہباز گل کے طبی معائنہ کرائیں اور جمعہ کو دوبارہ پیش کریں

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے کہا کہ جو گرفتاریاں پرچے ہوتے ہیں وہ قانون کے مطابق ہونے چا ہئیں۔ کسی ایک شخص کی رائے سے ادارے کی سالمیت کو فرق نہیں پڑتا۔ مضبوط فوج پاکستان کے لیے ضروری ہے۔ اس موقع پر عدالت کے باہر موجود پی ٹی آئی کارکنان نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے بتایا کہ میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو، میرا بیان ایک محب وطن کا بیان ہے۔ اپنی فوج سے پیار کرنے والا بیان ہے۔ میں نے کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی۔

شہباز گل نے کہا کہ ایسے بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کررہے، ان کے بارے میں بات کی۔ یہ سیاسی مقدمہ ہے سب سیاسی انتقام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ فوج مقدس ترین ادارہ ہے، ہم سب پر اداروں کا احترام لازم ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما پر اداروں کے خلاف بیان بازی پر بغاوت کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہونے کے بعد انہیں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق شہباز گل نے نجی ٹی وی پروگرام میں فوج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے فوج کے مختلف رینک کے افسران کو سیاسی جماعت سے جوڑنے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر کے مطابق شہباز گل نے سول بیوروکریسی کوبھی بغاوت پر اکسایا۔ شہبازگل نے سول بیوروکریسی کوبھی دھمکایا جب کہ ریاستی اداروں اور سول بیوروکریسی کو اکسانے کی کوشش کی کہا وہ اعلیٰ افسران کے احکامات نہ مانیں۔

Comments are closed.