بارش، گجرات، 8 افراد ملبے تلے دب گئے، 2لڑکیاں جاں بحق، ایک شخص لاہور میں چل بسا
لاہور/اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، گجرات، 8 افراد ملبے تلے دب گئے، 2لڑکیاں جاں بحق، ایک شخص لاہور میں چل بسا، وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری.
نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے، گجرات میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 جوانسالہ لڑکیاں دم توڑ گئیں ۔جبکہ لاہور کے علاقہ سلامت پورہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا
لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث گلیاں تالاب بن گئیں، کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، بادل برستے ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں رات سے ہی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 185 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔جیل روڈ پر 56، ایئرپورٹ 156، گلبرگ میں 60، لکشمی چوک میں 126، اپر مال 98، مغلپورہ 141 اور نشتر ٹاؤن میں 101 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
ادھر گجرات ڈنگہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، میاں بیوی سمیت آٹھ افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے کے نیچے آکر دو لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق میاں بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ عائشہ اور 14 سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔جبکہ جبکہ لاہور کے علاقہ سلامت پورہ میں بھی بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص چل بسا۔
دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت جہلم پنڈدانخا ن،سوہاوہ ،بالائی علاقوں مری ،نتھیاگلی ،گلیات ،ایبٹ آباد ،آزادکشمیر میں ڈڈیال ، کوٹلی ،میرپور ودیگر علاقوں میں بارش کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ۔
سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی میں منی ڈیم کا بنڈ ٹوٹ گیا پانی گھروں میں داخل ہوگیااہل علاقہ کاکہناہے کہ ڈیم کا بند کمزور ہونے اور ڈیم ٹوٹنے کے بارے میں متعدد بار انتظامیہ کا آگاہ کیاگھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو قیمتی سامان ضائع ہوگیا جبکہ وقفے وقفے سے جاری بارش سے نشیبی علاقے زیر آپ آگئے ہیں ۔
آزادکشمیر کے شہرمیرپور اور گردونواح کے علاقوں منگلا, افضل پور, خالق آباد, اسلام گڑھ اورپلاک میں موسلادھار بارش سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ 20 سے23 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔اس دوران کشمیر،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ، استور اوراسکردومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج کشمیر، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران کشمیر، راولپنڈی، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے ۔
Comments are closed.