طاقتور حلقوں کے پاوں پکڑنے کی بجائے میں عوام کے پاس چلا گیا،عمران خان

56 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے حکومت سے نکلنے کے بعد میرے سامنے دو آپشنز تھے، طاقتور حلقوں کے پاوں پکڑنے کی بجائے میں عوام کے پاس چلا گیا،عمران خان نے کہا میں نے دوسرا راستہ اپنایا اور عوام کے پاس چلاگیا۔

 

پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے طاقت ور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہوچکے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس سیاسی عدم استحکام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں، ملک کو موجودہ حالات کا سامنا کرنے کیلئے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے اور مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے ہی سامنے آسکتی ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ بجٹ دیکھ کر لگتا ہے حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہوجائے گی،انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کے لانگ مارچ ختم ہوگیا ہے،جلد ہی اسلام آباد کا رخ کرونگا، ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پوری قوت سے لانگ مارچ کروں گا، ہم حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے، جب تک ہمیں عام انتخابات کی تاریخ نہیں مل جاتی ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت ملک کو معاشی تباہی کی طرف لے جارہی ہے، جولائی سے کمر توڑ مہنگائی کا غریب عوام سامنا کیسے کریں گے، اس بجٹ کو آئی ایم ایف بھی کسی صورت نہیں مانے گا، عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نااہلی کا یقین ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کو یقین ہے عوام اس حکومت کیساتھ نہیں ہیں اسی وجہ سے وہ مدد نہیں کر رہے، اس صورتحال کو دیکھ کر لگتا ہے حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہوجائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیساتھ دیگر اداروں میں بھی اہم تعیناتیاں کی جارہی ہیں، پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہورہے ہیں، اہم تعیناتیوں، تقرروتبادلوں کا واحد مقصد الیکشن چوری کی تیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، امپورٹڈ حکومت کے اقدامات دیکھ کر لوگوں کو اندازہ ہوگیا ہے کہ یہ کتنے تجربہ کار ہیں اور ان کا تجربہ کس کام کا ہے۔

Comments are closed.