موٹرسائیکل کی قیمتوں میں بھی 23ہزارروپے تک کا اضافہ کردیا گیا
فوٹو: فائل
کراچی( ویب ڈیسک)موٹرسائیکل کی قیمتوں میں بھی 23ہزارروپے تک کا اضافہ کردیا گیا،مختلف کمپنیوں نے لاگت میں اضافہ کا بہانہ بنا کراپنے اپنے ریٹس خود مقرر کردیئے۔
اس حوالے سے ڈان کی رپورٹ میں مختلف موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات دی ہیں جس کے مطابق جاپانی موٹر سائیکلز بنانے والوں نے ساڑھے 23 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس یم سی ایل) نے 5 سے 9 ہزار روپے کا اضافہ کیا جس کا اطلاق یکم جون سے ہوگیا ہے،اسی طرح دیگر موٹرساز کمپنیوں نے بھی اضافے کئے ہیں۔
جی ڈی 110 ایس کی نئی قیمت 2 لاکھ 12 ہزار روپے، جی ایس 150 کی 2 لاکھ 32 ہزار روپے، جی ایس 150 ایس ای کی 2 لاکھ 49 ہزار روپے اور جی آر 150 کی نئی قیمت 3 لاکھ 39 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح یاماہا موٹر پاکستان لمیٹڈ نے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 21 ہزار روپے سے 23 ہزار 500 روپے اضافے کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہو چکا ہے۔
نئے اضافے کے بعد وائے بی 125 زی 2 لاکھ 31 ہزار 500، وائے بی آر زیڈ ڈی ایکس 2 لاکھ 48 ہزار 500، وائے بی آر 125 2 لاکھ 55 ہزار، وائے بی آر جی (سرخ/سیاہ) 2 لاکھ 65 ہزار 500 روپے اور وائے بی آر 125 جی (گہری سرمئی) 2 لاکھ 68 ہزار 500 روپے کی ہوگئی۔
وجہ بتاتے ہوئے کراچی موٹرسائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن (کے ایم ڈی اے) نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ موٹر سائیکل رجسٹریشن ونگ نے نمبر پلیٹ کے نرخ میں اضافہ کر کے 950 سے 1450 روپے کردیے ہیں۔
انھوں نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی طرف سے جو بوجھ ڈالا گیاہے موٹر سائیکل خریداروں کو برداشت کرنا پڑے گا، اور نمبر پلیٹ کے اجرا کا ذمہ داری ڈپارٹمنٹ کی ہو گی۔
یہی نہیں بلکہ اس سے قبل اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے قیمت میں 9 ہزار روپے تک اضافہ کیا تھا جس کے بعد کچھ چینی بائیک اسمبلرز نے 3 سے 10 ہزار روپے اضافے کا اعلان کیا تھا۔
Comments are closed.