بلاول اور آصف زرداری نے بیانات ریکارڈ کرا دیے، متعدد کار کن گرفتار
اسلام آباد(زمینی حقائق )سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرا دیا۔
نیب کی طرف سے دونوں کو آج جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ اور پارک لین کمپنی سے متعلق تفتیش کے لیے طلب کیا گیاتھا۔
دونوں نیب ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں داخل ہوئے تو ان سے پانچ پانچ ارکان پر مشتمل نیب کی دو ٹیموں نے الگ الگ تفتیش کی اور تقریباً ایک گھنٹے تک سوال و جواب کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری سے زرداری گروپ سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی جب کہ بلاول بھٹو زرداری سے پارک لین کمپنی کے قرض سے متعلق سوالات کیے گئے جس پر انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔
تفتیشی ٹیموں میں مجموعی طور پر 10 افسران شامل ہیں اور 4 کیس افسران کیسز کی نگرانی کررہے ہیں جب کہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی دونوں تفتیشی ٹیموں کے نگران ہیں۔
اس دوران نیب ہیڈ کوارٹر جانے کی کوشش کرنے والے پیپلز پارٹی کے درجنوں کارکنان گرفتار کر لیا گیا۔
آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پیشی کے موقع پر نیب ہیڈ کوارٹرز کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
نیب آفس جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں تاہم اس کے باوجود نادرا چوک پر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور جیالے سیکیورٹی حصار توڑتے ہوئے نیب ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔
جیالوں نے وفاقی حکومت اور شیخ رشید کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور نیب دفتر کے سامنے وفاقی وزیر عامر کیانی کی گاڑی کو روک لیا۔
Comments are closed.