شہباز شریف میڈیکل چیک اپ کیلئے بیرون ملک ہیں، عدالت میں وکیل کا موقف
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی، نئی تاریخ مل گئی،شہباز شریف میڈیکل چیک اپ کیلئے بیرون ملک ہیں، عدالت میں وکیل کا موقف۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اسپیشل سنٹرل عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی جبکہ ان کے والد پیش نہ ہوئے اور ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
ہفتہ کولاہور کی اسپیشل سنٹرل عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کے خلاف شوگر ملز کاروبار کے ذریعے 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
عدالت کو وزیر اعظم کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو کمر درد ہے میڈیکل چیک اپ کیلئے بیرون ملک ہیں،فاضل جج نے ریمارکس دیے شہباز شریف کو بیرون ملک دورے کا شیڈول تبدیل کرلینا چاہیے تھا کیونکہ آج معمول کی پیشی نہ تھی۔
وزیر اعظم کے وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں ہمارے خلاف گواہان نے اپنے بیانات میں کسی نے جرم کا ذکر نہیں کیا، بلکہ اس کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سامنے بیٹھ کر گواہان کے بیانات لکھوائے۔
بعد میں عدالت نے وزیراعظم کی حاضری معافی کی استدعا منظور کرتے ہوئے 21 مئی کو وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے دوبارہ طلب کرلیا اور دونوں کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کردی۔
Comments are closed.