پنجاب اسمبلی، اسپیکر اور ڈپٹی میں میچ پڑ گیا،ڈپٹی کیخلاف عدم اعتماد جمع

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پنجاب اسمبلی، اسپیکر اور ڈپٹی میں میچ پڑ گیا،ڈپٹی کیخلاف عدم اعتماد جمع کروا دی گئی، ڈپٹی کا طلب کردہ اجلاس غیر آئینی قرار دے دیاگیا، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے آج ( بدھ) شام کو اجلاس طلب کیاپرویز الہٰی نے غیر آئینی قرار دے دیا۔

ڈپٹی اسپیکر سردار دوست مزاری نے رات گئے اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور موقف اپنایا گیا کہ سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ جنرل نے اجلاس آج ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے وکیل سے مشورہ کرنے کے بعد اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا، آج اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا۔

ترجمان اسپیکر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زین علی بھٹی نے جواب میں جاری بیان میں کہا کہ اجلاس آج نہیں 16 اپریل کو ہوگا، آج طلب کیے جانے والے اجلاس کا کوئی نوٹی فکیشن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر کی طرف سے طلب کیا گیا اجلاس غیر آئینی ہے، آفیشل لیٹر جب تک جاری نہیں ہوتا اس وقت تک پہلا آرڈر رہے گا، گزشتہ اجلاس میں توڑ پھوڑ کی وجہ سے مرمت کا کام جاری ہے۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق اسپیکر پرویز الہی نے ڈپٹی اسپیکر کو تفویض کردہ تمام اختیارات واپس لے لیے، ڈپٹی اسپیکر کے اجلاس بلانے کے احکامات کو غیر موثر قرار دے دیا گیا، اجلاس بلانے کے اقدامات غیر قانونی ہیں۔

دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے اسمبلی سیکورٹی نے میڈیا کو مین گیٹ پر ہی روکتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر کی ہدایت کی روشنی میں میڈیا اسمبلی کے اندر نہیں جاسکتا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ میں کیا ہو رہا ہے عوام اور میڈیا لاعلم ہیں۔

Comments are closed.