وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش

55 / 100

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش ،اپوزیشن کے ارکان نے تحریک کے حق میں رائے دی، پہلی گنتی میں اتحادی شامل نہیں ہوئے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس پیر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کیلئے تحریک عدم اعتماد پیش کردی۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت طلب کی اور اجازت ملنے کے بعد تحریک پیش کی۔

تحریک پیش ہونے کے بعد قواعد کے مطابق اس کی منظوری کیلئے 20 فیصد ارکان یعنی 68 ارکان اسمبلی کی حمایت ضروری ہوتی ہے۔ جب گنتی ہوئی تو ڈپٹی اسپیکر نے بتایا کہ عدم اعتماد کی قرارداد پیش کرنے کی تحریک پر 161 ارکان اسمبلی نے حق میں ووٹ دیا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے قرار داد ووٹنگ کیلئے پیش کرنے کی اجازت دی جس کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے،عدم اعتماد کی قرار داد پیش کی ۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’اس قرار داد کے ذریعے میں آئین کے آرٹیکل 95 کی شق ایک کے تحت یہ قرارداد پیش کر رہا ہوں جس میں ایوان اس بات کا اظہار کر رہا ہے کہ وزیراعظم پر اسے اعتماد نہیں رہا لہٰذا عمران خان نیازی کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس 31 مارچ جمعرات سہ پہر چارتک ملتوی کردیا اور کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر بحث 31 مارچ کو ہوگی.

Comments are closed.