نیوزی لینڈ،مساجدپرحملہ،49افراد شہید،بنگلہ دیشی کھلاڑی محفوظ رہے


کرائسٹ چرچ( نیٹ نیوز)  نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ، 49 افراد جاں بحق،ان حملوں میں بنگلادیشی کھلاڑی بال بال بچ گئے

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی  دو مساجد میں فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جب کہ ایک مسجد میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سے 2 بجے کے درمیان دو مساجد میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے اور ایک مسجد میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے موجود تھے۔

ایک دہشتگرد نے ڈینز ایونیو کی النور مسجد میں ایک بجکر 40 منٹ پر داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی اور اس کی لائیو ویڈیو بھی بناتا رہا۔نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم نے 40 شہادتوں کی تصدیق کی ہے

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہیگلے پارک کے قریب ڈینز ایونیو کی مسجد میں پیش آیا جب کہ اسی علاقے کی ایک اور مسجد میں بھی فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

پولیس کے مطابق 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے جاں بحق افراد کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

النور مسجد میں فائرنگ اور اس کی ویڈیو بنانے والے حملہ آور سے متعلق بتایا جاتا ہے کہ وہ 28 سالہ آسٹریلوی شہری ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

حملہ آور فائرنگ کے وقت اپنی لائیو فیس بک ویڈیو بھی بناتا رہا جو وائرل ہونے سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی پولیس کی جانب سے ڈیلیٹ کرادی گئی ہیں۔

کرائسٹ چرچ اسپتال کے ترجمان نے سی این این کو بتایا کہ اسپتال میں کئی افراد کی لاشوں کو لایا گیا ہے تاہم انہوں نے تعداد بتانے سے گریز کیا جب کہ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

موہن ابن ابراہیم نامی عینی شاہد کے مطابق وہ فائرنگ کے وقت مسجد میں ہی موجود تھے اور تقریباً 200 کے قریب لوگ نماز کی ادائیگی کے لیے موجود تھے، حملہ آور مسجد کے عقبی دروازے سے داخل ہوا اور کافی دیر تک فائرنگ کرتا رہا۔

عینی شاہد نے کہا کہ اس کا دوست علاقے کی دوسری مسجد میں تھا جس نے اُسے فون کر کے بتایا کہ جس مسجد میں وہ ہے وہاں بھی ایک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی اور 5 لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بنگلادیشی کرکٹر مشفق الرحیم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ ہوئی تاہم الحمد اللہ، اللہ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم بہت زیادہ خوش نصیب ہیں، دوبارہ اس طرح نہیں دیکھنا چاہتے، ہمارے لیے دعا کریں۔

بنگلادیشی ٹیم کے کرکٹر تمیم اقبال نے بھی ٹوئٹ کی اور بتایا کہ پوری ٹیم حملے میں محفوظ ہے، دعاؤں میں ہمیں یاد رکھیں۔

Comments are closed.