وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقاتیں
فوٹو: اسکرین گریب
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقاتیں ہوئی ہیں جس میں وزیراعظم کو
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات بھی دیئے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے پیر کو ملاقات کی ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے سعودی قیادت کی طرف سے پاکستان، پاکستانی حکومت اور عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Prime Minister @ImranKhanPTI received His Royal Highness Prince Abdulaziz bin Saud bin Nayef bin Abdulaziz Al Saud, Minister of Interior of the Kingdom of Saudi Arabia, today. 🇵🇰🤝🇸🇦 pic.twitter.com/nEF0xjECig
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) February 7, 2022
وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سعودی وزیر داخلہ کے وفد کے ہمراہ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور برادر ملکوں کے درمیان موجودہ تعاون کی مختلف جہتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے پیر کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی سکیورٹی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،سعودی وزیر داخلہ نے افغانستان میں پاکستان کے کردار، بارڈر منیجمنٹ اور خطے میں امن کے لیے کوششوں کو سراہا۔
سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے اپنا دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے انھیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی وزیر داخلہ کو نور خان ایئر بیس راولپنڈی سے رخصت کیا۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طاہر اشرفی بھی ائیر پورٹ پرموجود تھے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی ہم منصب کو دورے کے حوالے سے یادگاری تصویری البم بھی پیش کیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، پاکستان کے اعلی عہدیدار اور سعودی وزیر داخلہ کے ہمراہ سرکاری وفد کے ارکان بھی موجود تھے، اس سے قبل صدر پاکستان عارف علوی سے بھی سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
قبل ازیں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔
اسلام آباد میں ملاقات کے بعد پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔
Comments are closed.