بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکرکورونا کے باعث انتقال کر گئیں
فوٹو: فائل
ممبئی( ویب ڈیسک) معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکرکورونا کے باعث انتقال کر گئیں، آج ہی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کا انتقال آج بھارتی وقت کے مطابق سوا 8 بجے کے قریب ہوا،بھارتی میڈیا کے مطابق لتا منگیشکر کی آخری رسومات پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 6 بجے ممبئی کے شیواجی پارک میں ادا کی جائیں گی۔
بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ آج شام عوام ممبئی کے شیواجی پارک میں لیجنڈری گلوکارہ کا آخری دیدار کرسکتے ہیں، اس کے بعد ان کی آخری رسومات شروع ہوں گی جس میں لوگ بھی شرکت کرسکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا کا شکار لتا کے متعدد اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، لتا منگیشکر کے انتقال پر بھارت میں 2 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
گزشتہ روز انھیں دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔
اس سے قبل لتا منگیشکر کو 8 جنوری کو کورونا وائرس اور نمونیا کی تشخیص پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں حالت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن 26جنوری کو وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تھا۔
کل حالت دوبارہ بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر پھر منتقل کر دیا گیا تھا تاہم اس بار ان کا مقررہ وقت ختم ہو چکا تھا،بریچ کینڈی اسپتال سے تعلق رکھنے والے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پریت صمدانی پچھلے کئی برس سے لتا منگیشکر کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔
گلوکارہ لتا منگیشکر 1929ء میں پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے 13 برس کی عمر میں گانا شروع کیا تھا، لیجنڈری گلوکارہ نے اپنا پہلا گانا 1942ء میں ریکارڈ کرایا تھا، گلوکاری کے کیریئر میں 36 سے زائد زبانوں میں 30 ہزار سے زائد گیت گائے۔
گائیکی کی وجہ سے لتا منگیشکر کو بھارت کی بلبل کا خطاب بھی دیا گیا تھالتا منگیشکر نے کئی یادگار پرفارمنس دیں، کئی ایوارڈ سے انہیں نوازا گیا، محمد رفیع اور کشور کمار کے ساتھ ان کے گانے سپرہٹ ثابت ہوئے۔
Comments are closed.