پنجگور اور نوشکی میں کلئیرنس آپریشن مکمل، 20 دہشت گرد مارے گئے
فوٹو : آئی ایس پی آر
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سکیورٹی فورسز کا پنجگور اور نوشکی میں کلئیرنس آپریشن مکمل، 20 دہشت گرد مارے گئے، کارروائیوں میں کمانڈروں اور انتہائی مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی.
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق
آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 9 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
اعلامیہ کے مطابق ان دہشت گردوں نے 2 فروری کی رات بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں فورسز کے کیمپوں پر حملے کئے تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرکے دونوں مقامات پر حملے ناکام بنائے، حملوں کے بعد شروع کئے گئے کلیئرنس آپریشنز میں تین کمانڈروں سمیت 20 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے تفصیلات میں بتایا ہے کہ نوشکی میں آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک افسر سمیت 4سیکیورٹی اہلکار دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے شہید ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے شدید مقابلے کے بعد دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا، سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا.
سیکیورٹی فورسز نے پنجگور میں بھاگنے والے 4 دہشتگردوں کو گھیرے میں لیا، تمام دہشت گرد آپریشن کے دوران مارے گئے ہیں، حملوں سے متعلقہ 3 دہشت گرد گزشتہ روز مارے گئے تھے، ان میں 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پنجگور آپریشن کے دوران ایک جے سی او سمیت 5 جوان شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے، پنجگور میں فالو اپ آپریشن 72 گھنٹے جاری رہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں اور ہر قیمت پر اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
Comments are closed.