پاکستان میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
مظفر آباد(شہزاد شفیع) آزاد کشمیر وپاکستان میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے بھارتی مظالم کے باوجود حق خودارادیت کیلئےکوشاں کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا.
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت پاکستان بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جائیگا.
کشمیر اور پاکستان کے عوام مذہبی نظریاتی جغرافیائی لسانی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں ان رشتوں کی تجدید کے لیے ہر سال پانچ فروری کا دن یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے.
پانچ فروری کو پاکستان کے عوام حکومت اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں.
اس دن کو منانے کی کال پہلی مرتبہ 1975 سے دی گئی تاہم 1990 سے یہ دن باقاعدگی سے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے.
اس مرتبہ بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کے لیے پروگرامز کو حتمی شکل دی جا چکی ہے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے.
اس کے علاوہ پاکستان کو کشمیر کے ساتھ منانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے علامتی اظہار یکجہتی کیا جائے گا.
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادکشمیر بھر میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ ہمیشہ کی طرح تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے.
واضح رہے بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے کی بجائے الٹا قبضہ برقرار رکھنے کیلئے اس خطے کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی جسے عالمی برادری نے تسلیم نہیں کیا.
Comments are closed.