ماڈل ایان علی اشتہاری قرار،دائمی وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی ( ویب ڈیسک) ماڈل گرل ایان علی کوراولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس میں اشتہاری قرار دے دیا۔
ملزمہ کے اثاثہ جات ضبط کرنے اور گواہوں کو بیانات قلمبند کرانے کیلئے 16 مارچ کو پیش ہونے کے احکامات بھی جاری کئے گے ہیں۔
راولپنڈی کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ ملزمہ ایان علی کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ملزمہ کو دو ماہ کا وقت دے چکے مگر وہ پھر بھی نہیں آئیں۔
بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا یا نہیں، ماڈل کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے، مسلسل طلبی کے باوجود ملزمہ پیش نہیں ہوئیں۔
عدالت نے کہا سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ ایک مجسٹریٹ تعینات کریں جو ملزمہ کے فلیٹ کو فروخت ہونے سے روکنے کیلئے متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔ ملزمہ ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر کے ماڈل گرل کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔
ملزمہ ایان علی کے اثاثہ جات ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ مقدمے کی مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے تمام گواہوں کو بیانات قلمبند کرنے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
یاد رہے ماڈل گرل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے 6 لاکھ 6 ہزار 800 امریکی ڈالرز دبئی سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
ایان علی منی لانڈرنگ سکینڈل میں عدالت کے روبرو اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں تاحال ناکام رہی ہیں۔
Comments are closed.