ن لیگ اور جے یو آئی ارکان کو بلاول کی تقریر سمجھ نہیں آئی، عمران خان
چھاچھرو( ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا امن چاہتے ہیں لیکن کوئی بھول میں نہ رہے، بھارت کی طرف سے جارحیت ہوئی تو بھرپور جواب دینگے۔
چھاچھرو جلسے میں عمران خان نے کہا جو سیاست میں آکر پیسہ نہیں بنانا چاہتے ان پڑھے لکھے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں ہمارے ساتھ چلیں۔
انھوں نے کہا پاکستان کی پالیسیاں مکمل طور پر بدلی جائیں گی۔ غریب طبقے کو اوپر لے کر آنا ہے۔ پسماندہ علاقوں سے نکلنے والے معدنیات پر پہلا حق اسی علاقے کا ہو گا۔
عمران خان نے کہا سب سے پہلے صحت تعلیم اور بنیادی سہولتوں پر پیسہ خرچ ہو گا۔ میٹرو اور مہنگی چیزوں پر سب سے بعد میں پیسہ خرچ ہو گا۔ سندھ کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔
نیا پاکستان بن رہا ہے، ملک میں سرمایہ کاری کروانی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کریں گے۔ پاکستان کی سرزمین کسی قسم کی دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ ہندو برادری پر کسی قسم کا ظلم نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ قائد اعظم انسانوں کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے تھے۔ آج ہندوستانی بھی کہہ رہے ہیں کہ جو قائداعظم کہہ رہے تھے ٹھیک کہہ رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تھرپارکر سارے پاکستان میں سب سے پسماندہ علاقہ ہے۔ ایک لاکھ بارہ ہزار گھرانوں کو ہیلتھ کارڈز ملے گے۔ وزیراعظم نے تھرپارکر کے لیے دو موبائل اسپتال ، چار ایمبولینسز اور سو لرپلانٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔
چھاچھرو جلسے میں عمران خان نے مخالفین پر بھی باوٴنسر مارے اور کہا سندھ میں ایک لیڈر نام بدل کر سیاست کر رہا ہے۔ پرچی سے کوئی سیاستدان نہیں بن جاتا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا بلاول بھٹو نے اسمبلی میں انگریزی میں تقریر کر دی۔ اس تقریر کی ن لیگ اور جمیعت علمائے اسلام کے ارکان کو سمجھ ہی نہیں آئی۔
عمران خان نے کہا کرپشن کیسز میں باپ نے بیٹے کو بھی پھنسا دیا۔ بلاول اب بھی وقت ہے، یوٹرن لے لو۔ کبھی کبھار یوٹرن بہت اچھا ہوتا ہے۔
Comments are closed.