درست فیصلوں سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بروقت اور درست فیصلوں سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پہلے سے کم ہوئی ہے تاہم بارڈر پر خطرہ اب بھی موجود ہے۔
کالعدم تنظیموں پر پابندی ملک کا اندرونی معاملہ ہے، کوئی بھی فیصلہ عالمی دباو کے پیش نظر نہیں کیا جا رہا، دنیا کو واضح کر چکے ہیں کہ وہ فیصلہ کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو گا ۔
تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا ۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا پاک بھارت کشیدگی کا مشکل وقت گزر چکا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ریاست کے تمام اداروں کے باہمی تعاون سے پاکستان عالمی سطح پر اپنا موقف موثر انداز میں پیش کرنے میں کامیاب ہوا، وزیراعظم عمران خان نے کہا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہمارے اپنے مفاد میں ہے، کالعدم تنظیموں پر پابندی ملک کا اندرونی معاملہ ہے، کسی کی ڈکٹیشن قبول نہیں کریں گے۔
انھوں نے کہا عالمی برادری بھی پاکستان کی کاوشوں کی معترف ہے ۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کے امن اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ ارکان کا کہنا تھا وزیراعظم کے اقدامات سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پیغام پہنچا ۔ خارجہ پالیسی پر شاہ محمود قریشی کو بھی شاندار سفارتکاری پر پارلیمانی پارٹی نے خراج تحسین پیش کیا ۔
اجلاس میں فیصل واوڈا کا متنازع بیان ببی زیر بحث رہا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا فیصل واوڈا نے اپنی غلطی پر معافی مانگ لی ہے، زبان پھسلنے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیئے ۔ پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر کہا کہ فیصل واوڈا کے خلاف اپوزیشن کی قرارداد کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ۔
Comments are closed.