میں نوبل انعام کاحق دارنہیں ہوں،عمران خان
اسلام آباد (زمینی حقائق ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ نوبل انعام کے حق دار نہیں ہیں، برصغیر میں انسانی ترقی اور امن کو راستہ دینے والا نوبل پرائز کا صحیح اہل ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تازہ ترین ٹوئٹ میں کہا ہے میں نوبل انعام کاحق دار نہیں، نوبل پرائز کا وہ حق دار ہوگا جو مسئلہ کشمیر حل کرے گا۔
انہوں نے کہا جو عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے وہی اس ایوارڈ کا حق دار بھی ٹھہرے گا، برصغیر میں انسانی ترقی، امن کو راستہ دینے والا نوبل پرائز کا صحیح اہل ہوگا۔
یاد رہے پائلٹ ابھی نندن کی رہائی اور بھارت کو امن مذاکرات کی پیشکش کے بعد سماجی رابطوں کی مختلف سائٹس پر عمران خان کو امن کا نوبل پرائز دینے کی مہم ٹاپ ٹرینڈ رہی۔
دوسری طرف برصغیر میں قیام امن کے لئے ان کے مستحسن اقدامات کو دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے بھی سراہا ہے۔
ادھر وزیر اطلاعات فواد چودھری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی تھی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی دانشمندانہ کردار ادا کیا،امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیا جائے۔
Comments are closed.