پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو بھی ہرا دیا، آسٹریلیا سے سیمی فائنل 11نومبر

51 / 100

دبئی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کو 72رنز سے شکست دے کر گروپ ٹو میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ میں لگاتار پانچویں فتح حاصل کی۔

بابراعظم نے دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی اور اپنی بیٹنگ کو آزمانے کا فیصلہ کیا،پاکستان کے اوپنرز بابراعظم اور محمد رضوان کے درمیان شراکت صرف 35رنز تک محدود رہی۔

محمد رضوان 15رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو بابراعظم کاساتھ دینے فخر زمان میدان میں اترے لیکن وہصرف 8 رنز بنا کر حمزہ طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان بابراعطم نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی اور حفیظ کے ساتھ 53 رنز کی شراکت قائم کی، حفیظ 18 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔

بابر اعظم 47 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئے ، کپتان کی واپسی کے بعد سینئر بیٹر شعیب ملک نے گیئر چینج کیا اور اسکاٹ لینڈ کے باولرز کی خوب پٹائی کی، انھوں نے صرف18بالز پر نصف سنچری مکمل کی۔

http://

شعیب ملک کی 18 بالز کی اننگز میں6 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا وہ 54 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے،یو ں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈکی پہلی وکٹ23 کے مجموعی اسکور پر گری جب حسن علی نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے کائل کوئٹزر کو بولڈکردیا، انہوں نے 9رنز بنائے۔

جب اسکاٹ لینڈ کا اسکور36رنز تھا تو میتھیو کراس رن آؤٹ ہوگئے، بعد میں شاداب خان نے جیارج مُنسے اور ڈائلن بج کو یکے بعد دیگرے آوٹ کرکے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو مشکلات سے دو چار کردیا۔

41 رنز پر چار وکٹین گرنے کے بعد مائیکل لیسک اور رچی بیرنگٹن وکٹ پر یکجا ہوئے اور 46 رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاہین نے 14 رنز بنانے والے لیسک کو کلین بولڈ کردیا،چھٹی وکٹ حارث رؤف کے حصے میں آئی انھوں نے گریوز کو آوٹ کیا۔

جد و جہد کرتی اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا سکی، بیرنگٹن نے 37 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

پانچویں میچ میں پاکستان نے میچ میں 72 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کر لی اور گروپ مرحلے کا اختتام ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلے نمبر برقرار رکھا،شعیب ملک کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کاسیمی فائنل میں 11 نومبر کو آسٹریلیا سے ہو گا جبکہ پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا،پاکستان نے آئی سی سی کے ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی مرتبہ گروپ میچوں میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

Comments are closed.