ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو اور نمیبیا نے اسکاٹ لینڈ کو ہرادیا

45 / 100

اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں انگلینڈ نے بنگلادیش کو جب کہ نمیبیا نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے دی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اورلٹن داس، محمد نعیم اور شکیب الحسن دُہرا ہندسہ بھی حاصل نہ کرسکے۔

پہلے مشفق الرحیم کے 29 اور کپتان محمود اللّٰہ کے 19 اور پھر اس کے بعد نسم احمد کے 19، نور الحسن کے 16 اور مہدی حسن کے 11 رنز کی بدولت بنگال ٹائیگرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکے۔

انگلینڈ کی طرف سے ٹیمل ملز نے 3 جبکہ معین علی اور لیام لونگسٹن نے 2، 2 اور کرس ووکس نے ایک وکٹ لی، انگلینڈ کی ٹیم نے باآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں جیسن رائے 61 رنز جبکہ ڈیوڈ ملان 28 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے،بنگلادیشن کی جانب سے شرف الاسلام اور نسم احمد نے ایک ایک وکٹ لی، انگلینڈ کے جیسن رائے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسرے میچ میں نمیبیا نے اسکاٹ لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرایا،ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نمیبیا کے بولر روبن ٹرمپل مین نے پہلے ہی اوور میں اسکاٹ لینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اس کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی تھی جبکہ چوتھا نقصان 18 پر اٹھانا پڑا،ایسے میں مائیکل لیسک نے 44 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کسی حد تک مشکلات سے نکالا۔

انہوں نے پہلے 19 رنز بنانے والے میتھیو کراس کے ساتھ اور پھر 25 رنز بنانے والے کرس گریوس کے ساتھ پارٹنرشپس بناکر ٹیم کی سنچری مکمل کروائی، اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بناسکی۔

ہدف کے تعاقب میں جے جے سمٹ نے 32 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلائی نمیبیا کی جانب سے کریگ ولیمز 23 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے،فاتح ٹیم کے بولر روبن ٹرمپل مین کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Comments are closed.