عمران خان اورووٹ کی عزت ؟ نواز شریف بننے کی کوشش نہ کریں، مریم نواز

45 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے وزیراعظم عمران خان کو ووٹ کی عزت یاد آگئی ہے، وہ نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہ کریں، شیر کی کھال پہن لینے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی جدوجہد اسی لئے ہے کہ اب عمران خان کی طرح کوئی مہرہ بن کر سامنے نہ آسکے اورایسی جمہوریت سے عوام کو ہمیشہ کیلئے نجات ملے۔

نوازشریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ یہ ملک کی اہم ترین تقرریاں جادوٹونے سے کرتے ہیں،وزیراعظم کی بجائے جنات تقرریاں یا طوطا فال نکالتے ہوں توتماشا بننا حیرانگی کی بات نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم کے اختیارات کا مسئلہ ہے نہ جمہوری اصولوں کا، عمران خان اپنی ذات اور حکومت کو مزید چند دن مہلت دینا چاہتے ہیں کیونکہ عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اتنا ہی جادوٹونا کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کے لیے استعمال کیوں نہیں کرتے؟کیا قوم کوبیوقوف سمجھ رکھا ہے؟ عمران خان کو نوازشریف بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف منتخب وزیراعظم تھے، عوام کے ووٹ سے آئے تھے،عمران خان کی سیاسی پہچان کیا ہے، سیاسی تشخص کیا ہے؟ عمران خان کی پہچان منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرنا اور126 دن کا دھرنا دینا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کا اصول، جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں،انہیں اپنی سازشوں کا جواب دینا ہوگا،عمران خان کوسیاسی شہید بننے نہیں دیں گے، جنتر منتر اتنا کامیاب ہے تو پیٹرول، ڈیزل، آٹا، سستا کریں،اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان آئینی اورمنتخب وزیراعظم نہیں وہ آئین کے مجرم ہیں،نوکری اورچاکری کرنے والے کوصرف نوکری اورچوکری کرنی چاہیے نوازشریف نہیں بننا چاہیے، نون لیگ کی جدوجہد عمران خان جیسے شخص کے خلاف ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک کا سرعام شیرازہ بکھرنے کے باوجود مریم نواز نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل کسی جماعت میں اختلاف نہیں،فائنل فیصلے کا انتظار ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ آمد کے موقع پر مریم نواز نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل میں پیش ہوئی ہیں،لیگی نائب صدر نے کہا کہ نیب نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست دی ہے۔

ضمانت منسوخی کی درخواست دینے والے نیب میں میرا ہمدرد کون ہے، دیکھنا چاہتی ہوں، درخواست دینے والے شخص کا چہرہ قوم کودکھانا چاہیے،درخواست دینے والے شخص کو21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیے۔

Comments are closed.