وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کا اسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے ہائر ایجوکیشن کو خط

46 / 100

پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا نے غیر منتخب سابق امیدوار کی درخواست پر مانسہرہ میں بنیادی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن کیلئے ہائیر ایجوکیشن کو خط لکھ دیا۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا کی طرف سے خط وزارت صحت کی بجائے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو لکھا گیاہے جس میں سابق امیدوار زاہد چن زیب کی درخواست پر500ملین روپے جاری کرنے کیلئے مزید کارروائی کرنے کا کہا گیاہے۔

گزشتہ روز 5اکتوبر کو لکھے گئے خط میں تحریک انصاف کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی زاہد چن زیب کی درخواست کے ساتھ وزیر ریلوے اعظم سواتی کے خط کا بھی حوالہ دیاگیاہے ۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا کے لیٹر میں بنیادی مرکز صحت بھیر کنڈ کو دیہی مرکز صحت بنانے کیلئے ہائر ایجوکیشن سے اپ گریڈیشن اور 500ملین روپے کے اجراء کیلئے کارروائی کرنے کا کہا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ درخواست وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان کی ہدایات اور لائق خان کی سفارش پر ، پی ٹی آئی کے سابق امیدوار پی کے-32 زاہد چن زیب کی طرف سے بھیرکنڈ بی ایچ او ہسپتال کی اپگریڈیشن کیلئے دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ ماضی قریب میں وزیراعظم عمران خان منتخب نمائندوں کو فنڈز کے اجراء کے مخالفت کرتے رہے ہیں مگر اب تحریک انصاف کے غیر منتخب شخص کی درخواست پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے سرکاری کارروائی شروع کردی۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ خیبر پختونخواکی طرف سے جاری لیٹر کا عکس

 

اس لیٹر کی کاپی بھی پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کے سابق امیدوار پی کے 32زاہد چن زیب کو بھی کی گئی ہے۔

Comments are closed.