عمر شریف کا زندگی کی تلاش میں امریکہ کا سفر جرمنی میں ختم 

45 / 100

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) لیجنڈ اداکار وکامیڈین عمر شریف کو موت نے امریکہ. نہ پہنچنے دیا اور وہ زندگی کی تلاش کے سفر میں جرمنی کے اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے. 

عمر شریف نے طویل علالت کے دوران بہت تکالیف کا سامنا کیا لیکن وہ آخری سانس تک زندگی کے لیے جدوجہد کرتے رہے تاہم لیجنڈ اداکار اپنے مقررہ وقت پر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے. 

 عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث 7 گھنٹے کے سفر کے بعد جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

 عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے اور امریکہ روانگی کے وقت بھی ان کی اہلیہ زریں غزل نے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر شریف کی فلائٹ رسکی ہے، آپ سب دعا کریں، 

اس سے قبل عمر شریف کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹروں نےعمر شریف کو علاج کیلئے امریکہ کے اسپتال میں داخل کرانےکا مشورہ دیا تھا، اور وہ منگل 28 ستمبر کو ایئرایمبولنس میں روانہ ہوئے تھے۔

 طیارے میں سوار عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکے بخار کا کہہ کر نیورمبرگ کے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، عمر شریف کا اسپتال میں ڈائیلاسز بھی ہوا تھا۔

رپورٹس کے مطابق نورمبرگ کےاسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمرشریف کی حالت بگڑ گئی تھی اس دوران ڈاکٹر سر توڑ کوشش کے باوجود موت کا وقت نہیں ٹال سکے. 

عمر شریف کا اصل نام محمد عمر تھا لیکن انہوں نے 1974 میں اسٹیج ڈراموں میں کام کا آغاز کرنے کے بعد ڈرامے میں استعمال ہونے والا نام عمر ظریف رکھا، بعد ازاں وہ عمر ظریف سے عمر شریف ہوگیا۔

عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف نے ٹی وی پر بھی بےشمار شوز کیے اور ایسے ہی ایک شو ’عمر شریف ورسز عمر شریف‘ میں وہ 400 سے زیادہ بہروپوں میں نظر آئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

عمر شریف پاکستان کی طرح بھارت میں بھی اتنے ہی مقبول تھے اور ان کی بیماری کے دوران دلیر مہدی، جانی لیور سمیت کئی اداکاروں نے ان کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا. 

Comments are closed.