پٹرولیم مصنوعات میں پھر اضافہ کردیاگیا، پٹرول مزید4روپے مہنگا

46 / 100

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیاہے پیٹرول کی قیمت4 روپے فی لیٹر بڑھائی گئی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کاخزانہ ڈویژن سے نوٹیفیکشن جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق ‘پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے ہوگی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے، کیروسین کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 82 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت فی لیٹر 122 روپے 4 پیسے، کیروسین کی نئی قیمت فی لیٹر 99 روپے 31 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 99 روپے 51 پیسے ہو گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجتے ہی ہو چکاہے،اس سے قبل قیمتوں میں متوقع اضافہ کے باعث وفاقی دارالحکومت کے پٹرول پمپس پر گاڑیو ں کی قطاریں دیکھنے کو ملیں لوگوں نے نئی قیمت سے بچنے کیلئے فیولنگ کروائی۔

حکومت نے رواں ماہ 15 ستمبر کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 5 اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا تھا،تب بھی بتایا گیاتھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث اضافہ کیاہے۔

وزارت خزانہ نے مزید کہا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے ایک پیسے اضافے کے بعد 120 روپے 4 پیسے، کیروسین کی قیمت میں 5 روپے 46 پیسے اضافے کے بعد 92 روپے 26 فی لیٹر نئی قیمت ہوگی۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ 3 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات 7 مرتبہ مہنگی کیں اور 16 جون سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات 21 روپے 86 پیسے تک مہنگی کی گئی ہیں اور فی لیٹر پیٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 127 روپے 30 پیسے کا ہوگیا۔

Comments are closed.