تحریک انصاف کی ایک ووٹ کی برتری کے ساتھ کنٹونمنٹ انتخابات میں جیت

47 / 100

راولپنڈی ( زمینی حقائق ڈاٹ کام )کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں پی ٹی آئی نے ایک سیٹ کی برتری کے ساتھ جیت حاصل کی لاہور، راولپنڈی سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا۔

ملک بھر میں تمام 212 وارڈز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف 60 نشستوں پر کامیاب، ن لیگ 59، آزاد امیدوار 55 نشستوں پر فاتح، پیپلز پارٹی 17، ایم کیو ایم 10 اور جماعت اسلامی 7 سیٹیں حاصل کرسکی، عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی 2،2 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

لاہور کنٹونمنٹ کی 10 نشستوں میں 6 نواز لیگ جیت گئی۔ 3 سیٹیں پی ٹی آئی، ایک آزادامیدوار لے اڑا۔ والٹن کینٹ میں نواز لیگ نے کلین سویپ کیا۔ دس میں سے 9 سیٹیں جیت لیں، ایک نشست پر امیدوار کے انتقال کے باعث الیکشن نہ ہو سکا۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھی نواز لیگ 9 میں سے 7 سیٹیں لے کر فاتح رہی۔ پی ٹی آئی ایک بھی نشست نہ لے سکی۔ دو آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے۔ چکلالہ کینٹ سے مسلم لیگ ن نے میدان مارلیا، دس میں سے 5 نشستیں حاصل کیں، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے دو، دو، آزاد امیدوار نے ایک سیٹ جیت لی۔

واہ کینٹ کی 10 میں 8 سیٹوں پر مسلم لیگ ن، دو پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی۔ ٹیکسلا کی 3 وارڈز پر ن لیگ فاتح رہی۔ پی ٹی آئی 2 سیٹیں لے سکی، مری میں ایک نشست پر تحریک انصاف، ایک پر نواز لیگ جیتی، اٹک اور سنجوال میں دو، دو جبکہ کامرہ کینٹ میں ایک آزاد امیدوار کامیاب رہا۔

ملتان کنٹونمنٹ میں حکمران جماعت کا صفایا ہو گیا۔ 10 میں سے 9 نشستیں آزاد امیداور لے اڑے۔ ایک سیٹ نواز لیگ کے حصے میں آئی، بہاولپور کی 3 وارڈز پر ن لیگ کامیاب ہوئی جبکہ 2 پر پی ٹی آئی نے کامیابی سمیٹی۔ سیالکوٹ کی 5 وارڈز میں مسلم لیگ ن تین سیٹیں لے کر فاتح رہی، تحریک انصاف دو سیٹیں لے سکی۔

گوجرانوالہ میں 10 نشستوں میں سے تحریک انصاف 6 پر کامیاب رہی، مسلم لیگ ن اور آزاد امیدوار دو، دو سیٹیں لے سکے۔ منگلامیں ایک نشست نون لیگ، ایک آزاد کے حصے میں آئی۔

جہلم میں دونوں سیٹیں تحریک انصاف لے گئی۔ کھاریاں کی دونوں نشستیں بھی پی ٹی آئی کے نام رہیں۔ سرگودھا میں 5 سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی 3، ن لیگ 2 پر فاتح رہی۔ اوکاڑہ کی 5 میں سے 4 نشستوں پر آزاد، ایک پر پی ٹی آئی کو کامیابی ملی۔

کراچی فیصل کنٹونمنٹ میں تین سیٹوں کے ساتھ پی ٹی آئی نے اکثریت حاصل کرلی۔ جماعت اسلامی کو ایک سیٹ ملی، ایک آزاد امیدوار جیتا۔ ملیر کینٹ میں بھی پی ٹی آئی چار سیٹوں کے ساتھ فاتح رہی، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی نے دو، دو نشستیں جیتیں، ایک آزاد امیدوار کامیاب رہا۔

کراچی کینٹ میں دو سیٹیں ایم کیو ایم، دو آزاد امیدواروں کے نام رہیں۔ کورنگی کنٹونمنٹ کی 5 میں سے 2 نشستیں ن لیگ جیت گئی۔ پی ٹی آئی، پی پی اور ایم کیو ایم کو ایک ایک سیٹ ملی۔ منوڑہ کنٹونمنٹ کی دونوں سیٹیں پیپلزپارٹی لے گئی۔ حیدرآباد میں ایم کیو ایم نے سات سیٹوں کے ساتھ برتری حاصل کرلی۔ تین پیپلزپارٹی کے نام رہیں، پنو عاقل کی ایک نشست آزاد امیدوار جیتا۔

پشاور میں بھی حکومتی جماعت کو بڑا جھٹکا، پی ٹی آئی کو صرف ایک سیٹ مل سکی۔ پیپلزپارٹی دو نشستیں لے گئی، اے این پی اور آزاد امیدوار کے حصے میں ایک، ایک سیٹ آئی۔

ایبٹ آباد کی 10 میں سے 4 نشستوں پر پی ٹی آئی نے کامیابی سمیٹی، ن لیگ کو تین، پی پی ایک، آزاد امیدوار 2 پر کامیاب رہے۔ حویلیاں میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کو ایک، ایک نشست ملی، کوہاٹ میں ایک سیٹ پر پی ٹی آئی، 2 پر آزاد امیدوار جیتے۔

بنوں میں پی ٹی آئی اور آزاد امیدوار کے حصے میں ایک، ایک سیٹ آئی۔ ڈی آئی خان کی دونوں سیٹیں پی ٹی آئی کے نام رہیں۔ مردان میں ایک نشست پر اے این پی، ایک پر آزاد امیدوار کامیاب رہا۔ نوشہرہ میں دو پی ٹی آئی امیدوار جبکہ، دو آزاد اور چراٹ میں دونوں نشستوں پر آزاد جیتے۔

کوئٹہ کی پانچ نشستوں میں 3 پر آزاد امیدوار، 2 پر پی ٹی آئی کامیاب رہی۔ ژوب کنٹونمنٹ کے دو وارڈز پر بلوچستان عوامی پارٹی فاتح رہی۔ لورالائی میں دونوں آزاد امیدوار جیتے۔ ملک بھر کی 219 نشستوں میں سے 7 پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔

Comments are closed.