پاکستان سی 130سے افغانستان امداد بھیج رہاہے، مزید زمینی راستے سے

46 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان نے افغانستان کے لیے خوراک اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے امدادی سامان پہنچانے کے لیے سی 130 طیارے بھیجے جا رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلی کھیپ ہوائی جہاز کے ذریعے بھیجنے کے بعد مزید سامان زمینی راستے سے بھیجا جائے گا،بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حالات میں حکومت پاکستان اپنے افغان بھائیوں کی مدد کرتی رہے گی۔

اس موقع پرپاکستان کی طرف سے عالمی برادری کو اپیل کی گئی ہے کہ افغانستان کے لوگوں کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کریں،
حکومت پاکستان نے افغان عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر خوراک اور ادویات پر مشتمل ضروری امدادی سامان بھیج رہی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ تین سی۔ 130 طیارے امدادی سامان لے کر افغانستان روانہ کیے جا رہے ہیں اور فوری امدادی سامان کی بذریعہ ہوائی جہاز روانگی کے بعد مزید امدادی سامان زمینی راستے بھجوانے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

پاکستان سے قبل چین نے بھی افغانستان کے لیے 3 کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں ترقی کے لیے چین امداد کرے گا اس مقصد کیلئے چین اور افغان حکام میں مشاورتی عمل جاری ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغانستان میں عبوری سیاسی ڈھانچے کے اعلان کے حوالہ سے بیان میں کہا کہ پاکستان افغانستان میں ابھرتی ہوئی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔

ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ نیا سیاسی نظم و نسق افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مربوط کوششوں کو یقینی بنائے گا،ہم کابل میں عبوری سیاسی سیٹ اپ کی تشکیل کے بارے میں تازہ اعلان سے آگاہ ہیں۔

امید ہے عبوری سیٹ اپ افغانستان کے عوام کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گورننس کا ڈھانچہ فراہم کرے گا، اور اس کے ساتھ ساتھ افغان عوام کی انسانی اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کام کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پرامن، مستحکم، خود مختار اور خوشحال افغانستان کے لیے اپنے پختہ عزم پر کاربند ہے اور انسانی بنیادوں پر افغان حکومت و عوام کی مدد بھی کریں گے۔

Comments are closed.