پلوامہ ایشوپرمعطل ہونےوالی سری نگر مظفرآباد بس سروس بحال

مظفرآباد(زمینی حقائق )پلوامہ واقعہ کے بعد معطل ہونے والی سری نگر مظفر آباد بس سروس چل پڑی، ایک ہفتہ بعد ایل و سی کراسنگ پوائنٹ سے اکتیس مسافر آر پار ہوئے۔


مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے اٹھارہ فروری کو انٹرا کشمیر بس سروس مظفر آباد اور راولا کوٹ سے بند کی گئی تھی۔

دونوں اطراف درجنوں مسافر پھنس گئے تھے، پیر کو ایک بار پھر بھارت کی جانب سے سرینگر مظفرآباد،راولاکوٹ پونچھ انٹرا کشمیر بس سروس بحال کر دی گئی ہے\

آزاد کشمیر سے چکوٹھی اورتیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ سے13 مسافر مقبوضہ کشمیر پہنچ گئے اوڑی اور چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے18 مسافر آزاد کشمیر آئے ہیں۔

بس سروس کی بحالی کو دونوں اطراف سفر کرنے والے مسافروں نے خوش آئند قرار دیا ہے بس سروس کے بعدکل سرینگر مظفرآباد اور راولاکوٹ پونچھ تجارت بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہے گی۔

جس کے لیے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف مال بردار ٹرک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ تیتری نوٹ ،چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے آزاد کشمیر کا ایک شہری اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے چار شہری واپس مقبوضہ کشمیر گئے
اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے وہاں کے دو شہری اور آزاد کشمیر کے گیارہ شہری وآپس آزاد کشمیر پہنچے ہیں۔

چکوٹھی سے آزاد کشمیر کا ایک شہری اور مقبوضہ کشمیر کے سات شہری واپس سرینگر روانہ ہو گئے اور سرینگر سے سے کوئی بھی مقبوضہ کشمیر کارہائشی بھارتی انتظامیہ نے آزاد کشمیر نہیں بھیجا۔

صرف آزاد کشمیر سے گئے ہوئے پانچ مسافر ہی پیر کو سرینگر سے وآپس آزاد کشمیر بھیجے گئے ہیں۔

Comments are closed.