عمران خان کے سامنے کہتا ہوں اعظم سواتی فراڈی ہے، زرگل خان

فوٹو:فائل


مانسہرہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام)تحریک انصاف کے رہنما زرگل خان نے عمران خان کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم سواتی کو سینیٹر بنانے کا میں عوام کو کیا جواب دوں؟مولانا فضل الرحمان نے پیسے لے کر اعظم سواتی کو سینیٹر بنایا تو پھر عمران خان نے بھی وہی کیا۔

ایک یو ٹیوب چینل کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں زرگل خان نے کہا کہ میں عمران خان کے سامنے کہتا ہوں کہ اعظم سواتی فراڈی ہے اور امریکہ میں اس کا داخلہ بند ہے جس نے ادھر چوری کی ہے وہ ادھر نہیں کرے گا؟

انھوں نے کہا کہ میں اعلانیہ کہتا ہوں کہ غلط غلط ہوتا ہے چاہے وہ عمران خان کرے یا کوئی اور کرے مجھ میں سچ کہنے کی جرات ہے کیونکہ میں چور نہیں ہوں نہ میں اقتدار کا پجاری ہوں ،اگر مولانا نے پیسے لے کر اعظم سواتی کو سینیٹر بنایا تھا تو عمران خان نے اسے سینیٹر کیوں بنایا؟

اگر مولانا فضل الرحمان نے پیسے لئے تھے تو کیا عمران خان نے بھی پیسے لئے ہیں؟میں اس کا عوام کو کیا جواب دوں؟ چور ادھر بھی چور ہے اور چور ادھر بھی چورہے میں کسی سے ڈرتا ہوں نہ مجھے کسی کی پرواہ ہے۔

انھوں نے الزام لگایا کہ لائق محمد خان جھوٹا انسان ہے ایک دنیا یہ بات جانتی ہے ، میں چیلنج کرتا ہوں وہ مجھ سے کٹھائی کی یونین کونسل نہیں جیت سکتا،ابھی بلدیاتی الیکشن آرہے ہیں یہ آئے مقابلے میں یا اس کا بیٹا آئے میں دیکھتا ہوں وہ میرا مقابلہ کیسے کرتے ہیں۔

زرگل خان نے نازیبا اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لائق محمد اب بھی کیپٹن صفدر کی خوشامد کرتاہے کہ اسے ٹکٹ دے دے،انھوں نے کہا کہ آج نعیم سخی اور سردار یوسف جو فنڈ خرچ کررہے ہیں یہ میرے منظور کردہ ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جب میں پارٹی کا ریجنل صدر تھا تو میں نے ہزارہے کی تین عورتوں کو ایم پی اے اور ایک کو ایم این اے بنایا آج علی اصغر ریجنل صدر ہے اور سینیٹ میں تین سیٹیں خالی ہوئی ہیں ہزارے کے کسی ایک بندے کوبھی سینیٹر نہیں بنوا سکا۔

Comments are closed.