درخت لگانے کا عالمی ریکارڈ بنا، پودے 5دن بعد اکھاڑ دیئے گئے
فوٹو: فائل
گوجرانوالہ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)گوجرانوالہ میں ایک منٹ میں 50ہزار پودے لگانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا پانچ دن بعد ہی سینکڑوں پودے اکھاڑ دیئے گئے بعض کی ملیا میٹ کردیاگیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ایچ اے، ایس اے حمید نے نجی انگریزی اخبار ڈان کو اس حوالے سے بتایا کہ حال ہی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 40 سیکنڈز میں 52 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا۔
ایس اے حمید کا کہنا ہے کہ پودے کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا پہلی مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید ہے جبکہ اسے دہرانے والے کے لیے 10 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ بلاکس میں نامعلوم افراد نے پودوں کو کاٹ دیا ہے، ان عناصر کی شناخت ہوگئی ہے اور اب ان پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے جارہے ہیں، مشتبہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔
چیئرمین پی ایچ اے نے کہا کہ عملہ عالمی ریکارڈ کے لیے لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے دن رات کام کررہا ہے اور ان تمام پودوں کو دن میں 2 مرتبہ پانی دیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مقصد کیلئے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ لگائے پھلدار پودے بڑھ کر درخت بن سکیں،خیال رہے کہ یہ پودے 12 اگست کو جی ٹی روڈ پر قائم گرین بیلٹ پر منعقد کی گئی شجرکاری مہم کے تحت لگائے گئے۔
شجر کاری کی اس منفرد مہم میں 12ہزار طلبہ اور 5 ہزار اساتذہ نے حصہ لیا تھا،یہ ریکارڈ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت قائم کیا گیا تھا ۔
واضح رہے عالمی ریکارڈ بنانے کی غرض سے کی گئی کوشش کے پیش نظرعالمی ریکارڈ کے اس پروگرام کی کوریج کے لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم بھی تقریب میں شرکت کی اور پودے لگانے کی تصدیق کی تھی۔
Comments are closed.