یوم آزادی آج ملی جو ش وجذبے سے منایا گیا


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)ملک بھر میں 75واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، ایوان صدر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی ۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

ایوان صدر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پرچم کشائی کی،، تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، سروسز چیفس، وفاقی وزرا اور دیگر شخصیات شریک تھیں۔

مرکز کی طرح تمام صوبائی دارالحکومتوں، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوئیں جہاں گورنرز نے پرچم کشائی کی اور بعد میں پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے متعلق تاریخی حقائق پر روشنی ڈالی ۔

صدر مملکت نے سول و ملٹری ایوارڈز سے نوازا


پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پرصدر ڈاکٹر عارف علوی نے 126 پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں کو متعلقہ شعبوں میں مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرنے پر سول ایوارڈز سے نوازا۔

ان ایوارڈز میں 3 نشان امتیاز، 2 ہلال پاکستان، 6 ہلال امتیاز، 4 ستارہ پاکستان، 3 ستارہ شجاعت، 17 ستارہ امتیاز، 39 صدارتی تمغہ رائے حسن کارکردگی، 3 ستارہ قائد اعظم، 17 تمغہ شجاعت، 31 تمغہ امتیاز اور ایک تمغہ قائد اعظم شامل ہے۔

یہ ایوارڈز دیے جانے کی تقریب 23 مارچ کو منعقد کی جائے گی،اس کے علاوہ صدر نے پاکستان آرمی، نیوی اور ایئرفورس کے افسران و جوانوں کو ملٹری ایوارڈز سے نوازا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق ان ایوارڈز میں 2 ستارہ بسالت، 61 تمغہ بسالت، 42 امتیازی، اسناد، 70 چیف آف آرمی اسٹاف کمنڈیشن کارڈز، 22 ہلال امتیاز (ملٹری)، 106 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 128 تمغہ امتیاز (ملٹری) شامل ہیں۔

Comments are closed.