چمن ، باب دوستی پر سیکڑوں لو گ دروازے کھلنے کے منتظر ہیں
چمن( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاک افغان بارڈ چمن پر قائم دوستی باب فوری کھولنے کا فیصلہ موخر ہونے کے بعد بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور حتمی فیصلہ ہونے کے بعد اعلان پر عمل درآمد ہو گا۔
لیویز حکام اور طالبان نے اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کو پیچھے واپس بلا لیاہے اور ان سے کہا گیاہے کہ آپ انتظار کریں حتمی فیصلہ ہونے کے بعد آپ کو بتادیا جائے گا۔
افغان میڈیا کے مطابق چمن سپن بولدک بارڈر کراسنگ پر سیکڑوں لوگ منتظر ہیں مسافروں سے کہا گیا ہے کہ آنے سے ابھی گریز کریں، ہوٹل بھرے ہوئے ہیں اور سرحدی علاقے میں مزید مسافروں کی گنجائش نہیں ہے۔
دوسری طرف لیویز حکام کے مطابق چمن میں پاک افغان سرحد باب دوستی کھولنے سے متعلق فیصلہ آج شام تک متوقع ہے، پاک افغان سرحدی حکام کے درمیان اجلاس میں فوری باب دوستی کو کھولنے کا فیصلہ مؤخر کیاگیا۔
بتایا جاتاہے کہ باب دوستی کھولنے میں سکیورٹی مسائل کو پیش نظر رکھ کر اس پر مزید بات چیت کی گئی اس دوران لیویز حکام نے مال بردار ٹرک واپس ٹرمینلز منتقل کردیے اور کسٹم عملے کو موجود رہنے کی ہدایت کی گئی۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ باب دوستی کھولنے سے متعلق پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد فریقین نے سرحد کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
Comments are closed.