جہانگیر ترین کی شوگر ملز کیخلاف کاروائی روک دی گئی
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی درخواست پر حکومت کو شوگر ملز کے خلاف آئندہ سماعت تک تادیبی کارروائی سے مشروط طور پر روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے تمام درخواستیں یکجا کر کے مرکزی کیس کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کرنے، کین کمشنر کو شوگر ملز کی چینی کی سپلائی کا ریکارڈ مکمل رکھنے کا حکم دے دیا ہے اور حکومتِ پنجاب اور دیگر فریقوں سے اس معاملے پر جواب طلب کر لیا ہے۔
جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے چینی کا ریٹ مقرر کرنے سے قبل شوگر ملز مالکان کا موقف سننے کا حکم دیا تھا، عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو سنا ہی نہیں گیا۔
شوگر ملز کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے چینی کی نئی قیمت 89 روپے 50 پیسے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، حکومت کے مقررہ نرخ پر چینی فروخت کرنا ممکن نہیں ہے۔
درخواست گزار نے لاہو ر ہائی کورٹ سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ چینی کی قیمت 89 روپے 50 پیسے مقرر کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، درخواست کے حتمی فیصلے تک چینی کی نئی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکا جائے۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز نے آج ہی لاہور ہائی کورٹ میں چینی کی قیمت مقرر کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں وفاقی و صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
Comments are closed.