مظفرآباد ٹائیگرز کو فوجی فرٹیلائزر کمپنی کی سپانسر شپ مل گئی


راولپنڈی ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کشمیر پریمئر لیگ کی مقبول فرنچائز مظفرآباد ٹائیگرز کے ساتھ فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے سپانسر شپ کرلی ہے ،مفاہمت کی یاداشت پر راولپنڈی میں دستخط کئے گئے۔

مظفرآباد ٹائیگرز اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سونا ٹاور راولپنڈی میں ہوئے،مظفرآباد ٹائیگرز کی جانب سے چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی اور فوجی فرٹیلائزر کے منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشنز کرنل (ر) ظفر فاروق بابر نے دستخط کیے ۔

سپانسر شپ کیلئے ہونے والی اس خصوصی تقریب میں مظفر آباد ٹائیگر کے برانڈ ایمبسڈراسکوائش کے لیجنڈ جہانگیر خان بھی شریک ہوئے جب کہ مظفر آباد ٹائیگر کے سی او او سجاد جدون بھی ایم او ایو یو کی تقریب میں شریک تھے۔

راولپنڈی: ارشد خان تنولی اور کرنل ریٹائرڈ ظفر فاروق بابر مفاہمتی یاداشت پر دستخط کررہے ہیں

مظفر آباد ٹائیگرز کے چیئرمین ارشد خان تنولی کا تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی کو مظفرآباد ٹائیگرز کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں انھوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے یہ شراکت سود مند ثابت ہوگی۔

ارشد خان تنولی نے کہاکشمیر پریمئر لیگ کشمیر کے کرکٹ ٹیلنٹ کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے، خاص کر آزاد کشمیر کے مقامی کھلاڑی ملکی اور بین الاقوامی سطح کے پلیئرز کے ساتھ کھیل کر نہ صرف بہت کچھ سیکھیں گے بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

چیئرمین مظفر آباد ٹائیگرز نے کہا کہ ایف ایف سی بڑا ادارہ ہے اور بڑے ادارے کے ساتھ ہمارا اشتراک ہونا ہمارے لئے بھی باعث فخر ہے ،ہم بھی خطے میں کرکٹ کے فروغ کے کاز کے ساتھ چلے ہیں ۔

ارشد خان تنولی نے کہا کہ یہ امید رکھی جانی چایئے کہ ہمیں کشمیر پریمئر لیگ میں نہ صرف ٹیلنٹ نکھارنے کا موقع ملے گا بلکہ کئی اچھے باؤلر ز اور بیٹسمین بھی سلیکٹرز کو متاثر کریں گے اوراپنا کیئریر بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کیلئے بھی سامنے آئیں گے۔

اس موقع پر ایف ایف سی کے منیجر کارپوریٹ کمیونیکشن کرنل ر ظفر فاروق بابر کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس کاز میں حصہ ڈالنے پر ہمیں بھی خوشی ہوئی ہے اور اس بات پر اعتماد ہے کہ ہم ایک اچھے مقصد کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔

کرنل ر ظفر فاروق بابر نے کہا کہ ہمارے دائیں بائیں لوگ ہی اثاثہ ہیں خوشی ہے اچھے ایونٹ میں ساتھ ہیں ، انھوں نے کہا کہ ہمیں ایسا لگتاہے کہ کشمیر پریمر لیگ نے ایف ایف سی کی سوچ کو ہی پروان چڑھایا ہے۔

کرنل(ر)ظفر فاروق بابر نے مظفرآباد ٹائیگرز کیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ ٹائیگرز اچھا پرفارم کرے اور پہلی کشمیر پریمئر لیگ کی چمپئن بنے ۔

واضح رہے کشمیر پریمئر لیگ آج سے مظفرآباد میں شروع ہو رہی ہے جس میں کل6ٹیمیں شامل ہیں ، آج رنگا رنگ تقریب کے بعد افتتاحی میچ شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ اور ایک اور لیجنڈ شعیب ملک کی میر پورکے درمیان کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.